Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان امدادی مرکز: سماعت سے محروم غزہ کے بچوں کے لیے ’سمع السعودیہ‘ پروگرام

شاہ سلمان مرکز 2015 میں قائم کیا گیا۔ (فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان مرکز برائے فلاح و امداد کی جانب سے اردن میں قوتِ سماعت سے محروم غزہ پٹی کے بچوں کے لیے سماعت پروگرام کا آغاز کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مرکز کے معاون جنرل سپروائزر ڈاکٹر عقیل الغامدی نے بتایا کہ ’سمع السعودیہ‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم کا افتتاح اردن میں سعودی سفارت خانے کے قائمقام ہیڈ آف مشن محمد حسن اور دیگر اعلی عہدیداروں کی موجودگی میں کیا گیا۔
بچوں کی سماعت بحالی کی مہم میں میڈیکل کے مختلف شعبوں  سے تعلق رکھنے والے 18 رضا کار شریک ہیں جو اعلی تربیت یافتہ ہیں۔

مرکز میں رجسٹرڈ رضاکاروں کی تعداد 78 ہزار سے زائد ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر الغامدی نے حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے سمعی پروگرام کے حوالےسے مختصرا آگاہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کی جانب سے مختلف ممالک میں انسانی فلاح و بہبود کے حوالے سے مختلف پروگرامز جاری ہیں جن میں سماعت کی بحالی بھی شامل ہے۔
ڈاکٹر الغامدی نے بتایا کہ اب تک سعودی عرب کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران 172 ممالک میں 7 ہزار 562 مختلف نوعیت کے فلاحی منصوبوں پر عمل کیا گیا جن پر مجموعی لاگت 134 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ مرکز کا قیام 2015 میں عمل میں آیا اس وقت سے اب تک 106 ممالک میں 3 ہزار 393 منصوبوں پر کام کیا گیا جن پر8 ارب امریکی ڈالر خرچ ہوئے۔

2025 میں 67 ممالک میں 642 رضاکارانہ کام انجام دیئےجائیں گے۔ (فوٹو ایس پی اے)

مرکز کے معاون جنرل سپروائزر کا مزید کہنا تھا کہ مرکز میں رضاکارانہ کاموں کا باقاعدہ آغاز سال 2018 میں کیا گیا جس کے تحت 52 سے زائد ممالک میں 892 رضاکارانہ امور انجام دیئے گئے جن سے 21 لاکھ سے زائد افراد مستفیض ہوئے۔ مرکز میں رجسٹرڈ رضاکاروں کی تعداد 78 ہزار سے زائد ہے۔
امسال 2025 کے لیے 67 ممالک میں 642 رضاکارانہ کام انجام دیئےجائیں گے جن سے 10 لاکھ کے قریب افراد مستفیض ہوں گے۔
’سمع السعودیہ‘ رضاکارانہ پروگرام کے حوالے سے ڈاکٹر الغامدی کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت 37 ممالک میں 76 منصوبوں پر عمل کیا جائے گا جن میں قوتِ سماعت سے محروم 1900 افراد میں مصنوعی سماعت کے آلے لگائے جائیں گے۔

 

 

شیئر: