Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری ہسپتالوں میں 80 ہزار بیڈ تیار

کورونا کے معائنے اور علاج کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب  کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ  نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں- سرکاری ہسپتالوں میں 80 ہزار سے زیادہ بیڈ کورونا کے علاج کے لیے موجود ہیں-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبدالعبد العالی کا کہنا  ہے کہ سعودی عرب کے صحت کے ادارے منفرد صحت خدمات پیش کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں-
وزارت صحت کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر تمام شہریوں’مقیم غیر ملکیوں اور غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو کورونا وائرس کے معائنے اور علاج کی مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں- اس حوالے سے تمام تیاریاں موجود ہیں۔
 یاد رہے کہ سعودی ہسپتالوں نے کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں کسی بھی متوقع اضافے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی  تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔

متاثرین کی تعداد میں اضافے سے نمٹنے کے لیے کی ہنگامی تیاریاں مکمل ہیں-(فوٹو سوشل میڈیا)

 قبل ازیں الشرق الاوسط نے دمام میڈیکل کمپلیکس کےڈائریکٹر زکریا الصفران کے حوالے سے بتایا تھا کہ ’اگر خدانخواستہ متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا تو مشرقی ریجن میں متاثرین کے علاج کے لیے مزید ہسپتال شامل کرلیے جائیں گے۔‘
مشرقی ریجن کے دمام میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے متاثرین کے علاج کی سہولت بڑھا دی جائے گی- قرنطینہ کے مریضوں کی تعداد میں اٹھائیس فیصد تک اضافہ کردیا جائے گا۔ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں 190 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا-

شیئر: