Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے خلاف روشنی جلائیں: مودی

’اس بحران سے جو تاریکی پیدا ہوئی ہے اس سے روشنی کی طرف بڑھنا ہے۔' فوٹو: انڈین میڈیا
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے ’تھالی تالی‘ اور ’جنتا کرفیو‘ کے بعد کورونا کی وبا سے لڑنے کا ایک نادر نسخہ تجویز کیا ہے لیکن سوشل میڈیا پر ان کی اس اپیل پر مباحثہ چھڑ گیا ہے۔
جمعے کو ساڑھے نو بجے صبح ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے انہوں نے ملک و قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ اپریل بروز اتوار اپنے گھروں کے کسی کونے یا بالکونی میں نو منٹ تک موم بتی، لیمپ، ٹارچ یا موبائل کی فلیش لائٹ جلا کر کھڑے ہوں تاکہ تاریکی سے روشنی کی جانب کے سفر کا انعقاد ہو۔
انہوں نے اپنے خطاب میں شہریوں کی جانب سے 22 مارچ کو کورونا وائرس سے لڑنے والوں کے لیے خراج تحسین پیش کیے جانے کی تعریف کی اور اسے ایک ’مثال‘ قائم کرنے سے تعبیر کیا اور کہا کہ دنیا کے دوسرے ممالک اس کی نقل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ’اس بحران سے جو تاریکی اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے روشنی کی طرف بڑھنا ہے۔ اسے شکست دینے کے لیے روشنی کو چاروں سمتوں میں پھیلانا ہے، لہذا اس اتوار پانچ اپریل کو ہم سب کو مل کر کورونا کے بحران کے اندھیرے کو چیلنج کرنا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’پانچ اپریل کو  130 کروڑ شہریوں کے عہد کو نئی اونچائیوں پر لے جانا ہے۔ پانچ اپریل بروز اتوار 9 بجے میں آپ سب کے نو منٹ چاہتا ہوں۔ پانچ اپریل کو گھر کی لائٹس بند کر کے دروازے یا بالکونی پر کھڑے ہوکر موم بتی، دیے، ٹارچ یا موبائل فلیش لائٹ نو منٹ تک ضرور جلائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سے روشنی کی سپر پاور اجاگر ہوگی۔ اس اجالے سے ہم عہد کریں کہ ہم تنہا نہیں ہیں۔‘

’اس دوران کسی بھی صورت سماجی دوری کی لکیر کو پار نہیں کرنا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بہر حال انہوں نے متنبہ کیا کہ اس دوران کسی بھی صورت سماجی دوری کی لکیر کو پار نہیں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی دوری ہی کورونا وائرس کا تیر بہدف علاج ہے۔
وزیر اعظم مودی کے اس پیغام پر سوشل میڈیا میں سخت تنقید ہو رہی ہے۔ تیجس ہرد نامی ایک صارف نے لکھا ’نریندر مودی نے کورونا وائرس کیسز، اس سے ہونے والی اموات، جانچ، ہیلتھ انفراسٹرکچر، مائگرینٹ ورکرز، فوڈ انسیکوریٹی، روزگار میں کٹوتی یا معیشت کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ میرے خیال سے وہ گورنینس کے ان چھوٹے چھوٹے مسائل سے اوپر اٹھ چکے ہیں۔‘
 
 
نرملا تائی نامی ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب ہم واٹس ایپ پیغام کا انتظار کر رہے جس میں یہ بتایا جائے گا کہ رات میں دیا روشن کرنے سے کورونا وائرس سے کس طرح لڑا جاتا ہے‘ انہوں نے ایک دوسرے ٹویٹ میں مزید طنز کے ساتھ لکھا ’یونیسکو نے ابھی ابھی مودی کے دیا جلانے کے آئیڈیا کو کورونا وائرس سے لڑنے کا بہترین آئیڈیا قرار دیا ہے۔ مودی جی ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘
 
 
اس سے قبل گذشتہ روز کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدام کو افسوسناک حد تک امیدوں سے کم بتایا تھا۔
دریں اثنا جمعرات کو کورونا وائرس کے پازیٹو کیسز میں ایک دن میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب یہ تعداد دو ہزار چار سو کو پار کرچکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 66 بتائی جا رہی ہے۔

شیئر: