Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں 250 سے زائد افراد پر مقدمہ

جمعے کو کراچی کی غوثیہ مسجد میں نمازِ جمعہ کا اجتماع منعقد کیا گیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات پر پابندی کے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی اور پولیس پر حملہ کرنے کے الزام میں 250 سے زائد ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ 
ان میں سے سات ملزمان کو گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
جمعے کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 7 میں واقع غوثیہ مسجد میں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نمازِ جمعہ کا اجتماع منعقد کیا گیا تھا جس کی اطلاع ملنے پر علاقہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسجد کے خطیب کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔ 

 

تاہم انہوں نے مبینہ طور پر لوگوں کو پولیس پر حملہ کرنے کے لیے اُکسایا جس کے بعد علاقہ مکین اور اہلکاروں کے درمیان تصادم ہوا جس میں متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
کچھ اہل علاقہ نے پولیس اہلکاروں کو مشتعل لوگوں کے ہجوم سے بچا کر اپنے گھروں میں پناہ دی۔ بعد ازاں پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی اور غوثیہ مسجد کے امام سمیت دیگر ملزمان کو موقعے سے گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزمان کے خلاف لیاقت آباد تھانے میں مقدمہ درج کیا ہے جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 269، 188، 186، 353، 324، 147، 148 اور 149 سمیت دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 شامل ہے۔ 
مقدمے میں امام مسجد کے علاوہ مسجد کمیٹی کے ممبران اور نمازیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
ہفتے کو پولیس نے گرفتار ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو پیش کیا۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ غوثیہ مسجد کمیٹی نے نمازیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جس سے کورونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ تھا۔ 

پولیس کا کہنا تھا کہ مسجد کے امام اور دیگر نے نمازیوں اور اہل محلہ کو ورغلایا۔ فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ مسجد کمیٹی نے اہل محلہ کی جان کو خطرے میں ڈالا اور عوام کو مشتعل کیا۔
ایس ایچ او لیاقت آباد نے عدالت کو بتایا کہ پولیس پارٹی پر جان سے مارنے کی نیت سے لاٹھی اور ڈنڈوں سے مسلح ہو کر سے حملہ کیا گیا اور پتھراؤ بھی کیا اور سرکاری گاڑی کے شیشے بھی توڑے گئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مسجد کے امام اور دیگر نے نمازیوں اور اہل محلہ کو ورغلایا جس کے بعد لوگوں نے پولیس اہلکاروں کو مارا پیٹا جس کے نیتجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سمیت سات ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور 14 اپریل کو ملزمان کے خلاف چالان طلب کر لیا۔

شیئر: