آئی سی یو کی چابی نہ ملنے پر خاتون ہلاک، ڈاکٹرز معطل
آئی سی یو کی چابی نہ ملنے پر خاتون ہلاک، ڈاکٹرز معطل
اتوار 5 اپریل 2020 18:52
خاتون کی ہلاکت کے بعد ڈاکٹروں کو معطل کر دیا گیا ہے (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
اکثر اوقات ایسا دیکھا گیا ہے کہ حالت زیادہ خراب ہونے کی صورت میں کچھ مریض ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتے ہیں لیکن کیا ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ مریض ہسپتال پہنچ گیا ہو مگر آئی سی یو کی چابی نہ ملنے پر وہ ہلاک ہو جائے۔
انڈین ریاست مدھیا پردیش میں ایک ایسا ہی ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک 55 سالہ خاتون کو سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ایک نجی ہسپتال لیجایا گیا لیکن وہاں کے عملے کو آئی سی یو کی چابی نہ مل سکی کیونکہ متعلقہ شخص ہسپتال میں موجود ہی نہیں تھا۔
اس کے بعد آئی سی یو کا تالہ توڑنے کی کوشش کی جاتی رہی اور اسی دوران مریضہ کی حالت مزید بگڑتی چلی گئی اور جب تک تالہ کھلا تب تک مریضہ کی موت ہو چکی تھی۔
اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے علاقے کے چیف میڈیکل افسر انوسویا گاؤلی نے کہا ہے کہ ’خاتون کو شوگر اور ہائیپر ٹینشن جیسے امراض لاحق تھے۔ ہمارے ڈاکٹرز نے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے ان کے خون کے نمونے لیے لیکن ان کی حالت سنبھل نہ سکی اور وہ ہلاک ہو گئیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس ہسپتال کے دو سینیئر ڈاکٹروں کو اس خاتون کا بروقت علاج نہ کرنے اور ایک دوسرے مریض کو وینٹی لیٹر نہ دینے پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
انڈیا میں سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 35 سو سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ اس وبا سے 83 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کی شب نو بجے سے نو منٹ تک بجلی پر چلنے والا لائٹس بند کرنے اور اس کی جگہ کمرے کے کسی کونے، دروازے یا بالکونی میں دیا، ٹارچ یا موبائل کی فلیش لائٹ جلانے کی اپیل کی ہے۔