Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کھلاڑی سماجی دوری کے پیغام کوعام کریں‘

نریندر مودی نے انڈیا کے 40 سے زیادہ معروف کھلاڑیوں سے بات کی (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے جمعے کو عوام سے روشنی کرنے کی اپیل کے بعد انڈین کھلاڑیوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کی اور کورونا وائرس سے متعلق ملک کے حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے انڈیا کے 40 سے زیادہ معروف کھلاڑیوں سے بات کی۔ ان کھلاڑیوں میں موجودہ اور سابق بڑے نام شامل ہیں جن میں باکسر میری کوم، بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو، پولیلا ‏گوپی چند، شطرنج کے کھلاڑی وشوناتھ آنند، ایتھلیٹ ہیما داس، کرکٹر ویراٹ کوہلی، سچن ٹنڈولکر، مہیندر سنگھ دھونی، ظہیر خان، یوراج سنگھ اور دیگر شامل ہیں۔
انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر اور سابق کپتان سورو گنگولی بھی وزیراعظم کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میں شریک تھے۔
وزیراعظم نے ملک کا نام روشن کرنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ 'ملک و قوم کے حوصلے کو بڑھانے کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے۔' انھوں نے ان کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ 'وہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ملک میں جاری 21 روزہ لاک ڈاؤن کے دوران سماجی طور پر دوری اپنانے کے پیغام کو لوگوں تک عام کریں۔'
خیال رہے کہ انڈیا میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بند ہیں۔ آئی پی ایل کو ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف ٹیموں کے دورے بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق کھلاڑیوں نے اس موقعے پر نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے نظم و ضبط، ذہنی قوت، فٹنس اور قوت مدافعت بڑھانے سے متعلق بات کی۔
وزیراعظم سے بات کے بعد سچن ٹنڈولکر نے ٹویٹ کی کہ 'جن افراد میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا ہے وہ اسے کلنک نہ سمجھیں، ہم سب کو مل کر سماجی دوری کے پیغام پر عمل کرنا ہے لیکن ان لوگوں کو سماج سے علیحدہ نہیں کر دینا۔ ہم اس جنگ کو صرف ایک دوسرے کی مدد سے ہی جیت سکتے ہیں۔'
اس سے قبل وزیراعظم نے انڈیا کی مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلٰی سے بھی بات کی تھی اور مل کر کام کرنے پر زور دیا تھا۔

شیئر: