Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داڑھی والے افراد کے لیے خصوصی ماسک

حکام کے مطابق نئے ماسک سے لوگ داڑھی منڈوائے بغیر کورونا سے بچ سکیں گے (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیل میں داڑھی والے افراد کے لیے ایسے ماسک متعارف کرائے جا رہے ہیں جن کی بدولت وہ بغیر داڑھی منڈوائے کورونا وائرس سے بچ سکیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے لیے پچھلے ہفتے شہریوں سے کہا گیا تھا کہ عام لوگوں سے میل جول کے وقت ناک اور منہ کو ڈھانپ کر رکھیں۔
اسرائیل میں چونکہ بڑی تعداد میں ایسے یہودی، مسلمان اور کچھ مسیحی پادری رہائش پذیر ہیں جنہوں نے اپنے اپنے مذہب کے مطابق داڑھیاں رکھی ہوئی ہیں اس لیے حکومتی ہدایت کے ساتھ ہی اس سوال نے بھی سر اٹھایا تھا کہ چہرے پر بال ہونے کی وجہ سے ماسک درست طور پر کیسے پہنا جائے گا۔
وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل اتیمر گروٹو نے آرمی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'داڑھی والے افراد کو چہرے کی مناسبت سے ماسک مہیا کیے جائیں گے۔'
'ہم ماسکس کی تیاری کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں اور اگلے چند روز میں مختلف سائز کے ماسک مارکیٹ میں لائے جائیں گے، اس لیے داڑھی والے افراد کو چہرے کی ضرورت کے حساب سے مناسب ماسک ملیں گے۔'
اس حوالے سے اسرائیل کے مذہبی شعبہ قانون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 'اگر وزارت محسوس کرتی ہے کہ داڑھی کو کاٹنا ضروری ہے تو اس ضمن میں یہودیوں کے لیے اجازت نامہ بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔'
وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل اتیمر گروٹو کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ 'یہودی مذہب کے مطابق داڑھی رکھنے والوں کے لیے چہرے کے بالوں کو ہٹایا جانا فی الوقت ایجنڈے پر نہیں ہے۔'

شیئر: