کرفیو کے اوقات میں اضافہ بدھ 8 اپریل سے کیا جارہا ہے ۔(فوٹو اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کے باقی تمام شہروں اور علاقوں میں کرفیو کے اوقات میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کا اطلاق بدھ 8 اپریل 2020 سے ہو گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت داخلہ کے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ’کورونا وائرس سے بچاوکےلیے حفاظتی تدابیر کے تحت متعدد فیصلے کیے گئے ہیں جن کا مقصد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو انکی روز مرہ کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے‘۔
وزارت داخلہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں میں کہا گیا ہے کہ ’ مملکت کے دیگر شہروں اور علاقوں میں بھی کرفیو کے اوقات میں اضافہ بدھ 8 اپریل سے کیا جارہا ہے ۔
جس کے مطابق ان تمام شہروں میں جہاں کرفیو کے اوقات کم تھے وہاں اب کرفیو سہ پہر 3 بجے سے شروع ہوگا جو صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ریستوران میں صرف ’ ٹیک آوے‘ کی اجازت ہوگی۔ طبی اصولوں کو مدنظررکھتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات کے تحت ہوم ڈلیوری سروس رات دس بجے تک مہیا کرسکیں گے۔
’گیس سینٹرز ، لانڈری، میٹینینس ، الیکٹریشن ، ایئرکنڈیشننگ سسٹم سے منسلک افراد کے علاوہ سیوریچ ڈرینیج سروس فراہم کرنے والے ٹینکرز اور پٹرول سٹیشنز کے اندر قائم فاسٹ سروس سینٹرزکو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
شہد فارمرز، کیٹل ، پولٹری اور فش فارمز سے منسلک افراد جنہیں ہفتہ وار وزارت ماحولیات اور پانی وزراعت کی جانب سے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے تعاون سے لائسنس جاری کیا جائے گا۔
فلاحی تنظیموں سے منسلک کارکنان اور رضاکاربھی اپنی خدمات حسب معمول جاری رکھیں گے۔
وزرات داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام امور لوگوں کی صحت اور ان کی حفاظت کے لیے کیے جارہے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک پر لازم ہے۔