Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک کروڑ20 لاکھ خاندانوں میں رقوم کی تقسیم جمعرات سے‘

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں وسائل کی کمی کا سامنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت جمعرات سے رقم کی ترسیل شروع ہو جائے گی جس کے لیے 17 ہزار پوائنٹس بنائے گئے ہیں، تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'ایس ایم ایس کے ذریعے تقریباً ساڑھے تین کروڑ افراد کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔'
'اگلے دو ڈھائی ہفتوں میں ان تمام افراد کو بائیومیٹرک نظام کے ذریعے سے پیسوں کی ادائیگی کر دی جائے گی اور اس پروگرام کے لیے 144 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔'

 

کورونا وبا کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ 'کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ پاکستانیوں کی قوت مدافعت زیادہ ہے اور یہ بیماری ان تک نہیں پھیلے گی۔'
'بہت احتیاط کی ضرورت ہے، کوئی بھی خود کو زیادہ صحت مند نہ سمجھے کیونکہ گھر میں بوڑھے اور بیمار افراد انہی سے متاثر ہو سکتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'حکومت نے صورت حال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا لیکن ہمارے اور یورپ کے لاک ڈاؤن میں فرق ہے۔'
ہمارے ہاں وسائل کی کمی ہے جبکہ امریکہ اور یورپی ممالک نے اربوں ڈالر کے ریلیف فنڈز بنا رکھے ہیں۔'
وزیراعظم نے احساس پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی فراہمی اور ٹائیگر فورس میں شمولیت کے حوالے سے بتایا کہ 'یہ تمام مراحل غیر سیاسی ہیں۔'
'اس کے لیے تمام نظام آٹومیٹڈ رکھا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی سفارش یا سیاسی مداخلت کی گنجائش نہیں ہے۔'

ضرورت مند افراد کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد رقم دی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ' پاکستان میں تقریباً پانچ کروڑ افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور لاک ڈاؤن کی کامیابی کا انحصار غریبوں کو کھانا پہنچانے پر ہوگا۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'ٹائیگر فورس میں تمام صوبوں سے نوجوان شامل ہیں اور ان سے ان کے علاقوں میں کام لیا جائے گا۔'
'اگر آنے والے دنوں میں کسی گاؤں یا علاقے میں کیسز نکل آئے اور وہاں لوگوں کو قرنطینہ کرنا پڑا تو رضاکار وہاں بھی کھانا پہنچائیں گے۔'
انہوں نے چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ووہان میں اسی لیے لاک ڈاؤن کامیاب ہوا کیونکہ وہاں گھروں میں ضرورت کی اشیا پہنچائی گئیں

وزیراعظم کے مطابق رقم کی تقسیم اور ٹائیگر فورس کا معاملہ سیاسی نہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل نے بتایا کہ وینٹی لیٹرز سمیت دیگر ضروری سامان منگوایا جا رہا ہے جبکہ صوبوں کو بھی وینیٹی لیٹرز دیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر سب پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لاپرواہی سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر کریں۔

شیئر: