Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہنگی اشیا فروخت کرنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے

انسپکٹرز نے مملکت بھر میں 75 ہزار تفتیشی دورے کیے-(فوٹو اخبار24)
سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے مملکت میں قانون محنت کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے 75 ہزار تفتیشی دورے کیے۔
مملکت کے تمام علاقوں میں موجود تجارتی اداروں پر چھاپے مارے گئے 8600 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ 46 فیصد خلاف ورزیاں مہنگائی کے بارے میں تھیں۔
مزید پڑھیں
وزارت تجارت کی ٹیموں نے 7 مارچ سے 8 اپریل تک مختلف اوقات میں تھوک کے بازاروں، کھانے پینے کی اشیا کے گوداموں اور اشیائے صرف فروخت کرنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے مارے۔
جنرل سٹورز (بقالوں)، ہائپر مارکیٹ، گوشت فروخت کرنے والی دکانوں، سبزی اور پھل فروخت کرنے والی دکانوں، مچھلی بیچنے والوں، بیکریوں اور پٹرول سٹیشنوں پر چھاپے مار کر دیکھا گیا کہ وہاں قوانین تجارت کی پابندی کس حد تک کی جا رہی ہے-
وزارت تجارت کے مطابق سامان مہنگا فروخت کرنے والوں پر فوری جرمانے لگائے گئےاور انہیں دیگر منافع خوروں کے لیے نشان عبرت بنایا گیا۔

بازاروں میں قانون کی 46 فیصد خلاف ورزیاں اشیا مہنگی فروخت کرنے کے حوالے سے تھیں۔ فوٹو: اخبار 24

بیان میں کہا گیا کہ تمام تجارتی مراکز اور گوداموں میں اشیائے صرف، ضرورت کا سامان اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں پائی گئی ہیں- کہیں کسی بھی سامان کی قلت ریکارڈ نہیں کی گئی-
وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کا سامان ضرورت کی حد تک خریدیں- حد سے زیادہ سامان ذخیرہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔
اگر کسی کو کوئی قانون تجارت کی کوئی خلاف ورزی کہیں نظر آئے تو بلاغ تجاری ایپلی کیشن یا رابطہ نمبر 1900 پر رابطہ کرکے  شکایت درج کرائیں۔
 یاد رہے کہ نئے کورونا وائرس کے بحران سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف سعودی شہری ، مقیم غیرملکی اور وزارت تجارت ایک صفحہ پر ہیں۔ تینوں مل جل کر بحران سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوششوں کے خلاف متحد ہوگئے۔

شیئر: