Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان کا فرنٹ لائن ہیروز کے لیے 25 ہزار کٹس کا عطیہ

شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ نے قرنطینہ سینٹر بنانے کے لیے اپنی 4 منزلہ عمارت بھی مقامی حکومت کو دی تھی (فوٹو:اے ایف پی)
بالی وڈ کے کنگ خان فلموں میں جاندار اداکاری، ڈائیلاگز کی بہترین ادائیگی اور اپنے منفرد انداز سے تو مداحوں کو اپنا گرویدہ بنا ہی لیتے ہیں مگر اس بار انہوں نے کسی سپرہٹ فلم سے نہیں بلکہ مشکل کی اس گھڑی میں انسانیت کی خدمت کرکے لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔
کنگ آف بالی وڈ شاہ رخ خان نے پیر کے روز کورونا وائرس سے لڑنے والے فرنٹ لائن ہیروز کے لیے 25 ہزار حفاظتی کٹس عطیہ کی ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا ہے کہ '25ہزار حفاظتی کٹس فراہم کرنے پر مسٹر شاہ رخ خان آپ کا بے حد شکریہ، اس سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں تعاون حاصل ہوگا اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ہمارے طبی عملے کی حفاظت بھی ہوگی۔'

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں بالی وڈ فنکار بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں، کسی نے انڈین وزیراعظم کے قائم کردہ فنڈ میں عطیات جمع کرائے ہیں تو کوئی کورونا سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم کا حصہ ہے۔
ایسے میں شاہ رخ خان بھی  کورونا کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے فلم انڈسٹری کے ملازمین کے لیے امداد فراہم کی اور پھر ممبئی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قرنطینہ سینٹر بنانے کے لیے اپنی 4 منزلہ عمارت بھی مقامی حکومت کو دے دی تھی۔

شیئر: