Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ اداکاروں کے دفاتر اور ہوٹل قرنطینہ کے لیے پیش

شاہ رخ اور گوری خان نے اپنا ممبئی کا دفتر قرنطینہ کے لیے پیش کیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ کو کامیاب بنانے کے لیے ڈاکٹروں اور حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ اداکار اور دیگر مشہور شخصیات بھی اپنا حصہ ڈالنے میں پیش پیش ہیں۔   
 کورونا فنڈ میں عطیہ دینے کے بعد بالی ووڈ کے اداکاروں نے اپنے گھر اور ذاتی استعمال کے مقامات کو بھی کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے  پیش کر دیا ہے، ان میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ  کے علاوہ دیگر نامور اداکار بھی شامل ہیں۔
شاہ رخ خان نے چند دن پہلے اپنے ممبئی والے دفتر کو قرنطینہ بنانے کی پیش کش کی تھی جس کے بعد دیگر بالی وڈ اداکار بھی میدان میں آگئے۔
بالی وڈ اداکار سونو سود نے اپنا چھ منزلہ جوہو ہوٹل طبی عملے کے آرام کے لیے آفر کیا ہے جہاں انہیں مفت رہنے کی سہولت ہوگی۔
سونو سود کا کہنا ہے کہ اس مشکل صورت حال میں ان کو اپنا حصہ ڈالنے کی خوشی ہے، اور ڈاکٹرز اور طبی عملہ جو دن رات لوگوں کی زندگیاں بچانے میں لگے ہوئے ہیں، کی  مدد کرنے ہر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ طبی عملہ ممبئی کے مختلف علاقوں سے آتا ہے اور ان کو آرام کرنے کی جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ 
ایک اور بالی وڈ اداکار کمل ہاسن نے بھی اپنی رہائش گاہ کو ہسپتال میں تبدیل کرنے کی پیش کش کی ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کی کہ وہ ڈاکٹروں کی مدد سے اپنی پرانی رہائش گاہ کو مستقل طور پر ہسپتال میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ بھی مریضوں کا علاج کرنے کے کام آسکے۔
اداکار سچن جوشی جو لاک ڈاؤن کے دوران ویسے بھی میونسپل اور  پولیس اہلکاروں میں  کھانا تقسیم کرتے رہے ہیں، نے اپنا 36 کمروں پر مشتمل ہوٹل کو قرنطینہ کے طور پر استعمال کرنے کی  پیش کش کی ہے۔ سچن جوشی کا ہوٹل بیرون ملک سے آنے والے مسافرین کے لیے استعمال ہوگا جہاں وہ گھروں کو واپس جانے سے پہلے کچھ دن قرنطینہ میں گزاریں گے۔
شاہ رخ خان کی پیش کش پر ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے ان کا اور اہلیہ گوری خان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔  
بی ایم سی نے ٹویٹ کی کہ وہ شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کا اپنے چار منزلہ دفتر کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے پر شکر گزار ہیں، جہاں بچوں، بوڑھوں اور خواتین کے لیے تمام ضروری سہولیات مہیا ہیں۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ وہ اور گوری خان بی ایم سی کے شکر گزار ہیں کہ ان کو مدد کرنے اور ممبئی کے لوگوں کی دیکھ بھال کرنے کا موقعہ مل رہا ہے۔

شیئر: