Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں کورونا کے مریض سب سے زیادہ

کورونا وائرس سے 990 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 518 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مجموعی مریضوں کی تعداد 6380 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے یومیہ بنیاد پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مملکت میں کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اب تک کووڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد83 ہوچکی ہے۔

 جدہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی (فوٹو، سوشل میڈیا)

ترجمان صحت نے مزید کہا گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 59 افراد ’کوروناوائرس ‘ سے صحتیاب ہوئے ہیں ۔ مختلف شہروں میں اب تک’ کووڈ 19‘ سےمجموعی طور پر 990 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔
مقامی ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں میں سے 71 کی حالت نازک ہے جبکہ 5207 افراد جن میں کووڈ 19 وائرس ایکٹو ہے کا علاج جاری ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق بروز جمعرات 16 اپریل کو سعودی عرب میں سب سے زیادہ جدہ شہر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق کی گئی جن کی تعداد 195 ہے، مدینہ منورہ میں 91 مریض جبکہ ریاض میں 84، مکہ مکرمہ میں 58، دمام 38، طائف 13، القطیف 5، الجبیل 4 ، جازان ، راس تنوہ اور ینبع میں3، تین مریض سامنے آئے، ابھا ، المویہ ، اللیث ، الطوال ، القویعیہ اور القریاب میں دو، 2 مریض جبکہ الظھران ، الھفوف، بریدہ ، خمیس مشیط ، عنیزہ، خلیص، الخبر،اضم اور الجفر میں ایک ایک شخص میں کووڈ 19 کے وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے جن 4 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے ان کی عمریں 35 سے 89 برس کے درمیان تھیں۔ اب تک ہلاک ہونے والے افراد کورونا کے علاوہ دیگر مہلک بیماریوں کا بھی شکار تھے,

کورونا سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا سب کا فرض ہے(فوٹو، ایس پی اے)

ڈاکٹر العالی کا کہنا تھا کہ مملکت میں وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے بہترین اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم عوام سے بھی درخواست ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر مکمل طور پر عمل کرتے ہوئے گھروں سے باہر نہ نکلیں اپنے ہاتھوں اور اطراف کی صفائی کا ہر صورت خیال رکھیں معمولی سے کوتاہی بڑی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔
یاد رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کےلیے تمام شہروں میں کرفیو اور لاک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے، کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

شیئر: