’جعلساز گروہ ایک پاس 3 ہزار ریال میں بناتا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا ہے جو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ایک پاس بنانے پر 3000 ریال لیتا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے اپنے سنیپ اکاؤنٹ پر گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے کی کارروائی جاری کی ہے۔
ریاض پولیس نے کہا ہے کہ ’خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ ریاض میں ایک گروہ جعلی کرفیو پاس تیار کر رہا ہے‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ’اس دوران شہر کی متعدد چوکیوں پر جعلی کرفیو پاس لینے والے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے ایک فرد نے ان سے رابطہ کیا‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’خفیہ پولیس اہلکار نے گروہ سے 30 پاس بنوانے کا مطالبہ کیا، ایک پاس کی قیمت 3ہزار ریال مقرر کی گئی‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’جب جعلی کرفیو پاس تیار ہوگیے تو وصول کرنے اور رقم حوالے کرنے کے لیے جگہ مقرر کی گئی، جب وہاں دونوں کی ملاقات ہوئی تو پولیس نے چھاپہ مار کر گروہ کے چند افراد کو گرفتار کر لیا‘۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ’بعد ازاں گروہ کے افراد نے اپنے ٹھکانے کا بتایا جہاں چھاپہ ماکر جعلسازی میں استعمال ہونے والی اشیا ضبط ہوئی ہیں‘۔