Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احتیاطی تدابیر سخت، بچوں کے مارکیٹ جانے پر پابندی

کورونا وائرس سے بچاو کےلیے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)
کورونا وائرس سے بچاو کی کمیٹی کی جانب سے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پندرہ برس سے کم عمر بچوں کے مارکیٹوں میں جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
 ویب نیوز ’عاجل ‘ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ حفاظتی کمیٹی نے مزید اقدامات کی منظوری دی ہے جن میں کہا گیاہے کہ ’کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد کو کم کرنے کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت مارکیٹس میں 15 برس سے کم عمر بچوں کے داخلے کو روک دیاجائے‘۔

کورونا وائرس پرقابو پانے کےلیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے(فوٹو، سوشل میڈیا)

حفاظتی کمیٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’کووڈ 19 وائرس سے بچاو کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہرایک پرلازم ہے۔ بچے اور معمرافراد اس وائرس سے بچاو کےلیے خصوصی احتیاطی تدابیرپر عمل کریں،۔
واضح رہے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 19 لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 1 لاکھ 27 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں اب تک اس وائرس سے متاثرہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 862 تک پہنچ چکی ہے جبکہ کووڈ 19 سے 79 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
حفاظتی اقدامات کے تحت کمیٹی نے مارکیٹس پر پابندی عائد کی ہے کہ رقبے کے اعتبار سے کاہگوں کو اندر جانے کی اجازت دی جائے۔
علاوہ ازیں سپر سٹورز یا شاپنگ مالز میں قائم اشیائے خورونوش کے سٹورز میں جانے والوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیاجائے اگر انکا ٹیمپریچر زیادہ ہو تو انہیں فوری طور پر ہسپتال سے رجوع کرنے کا کہاجائے۔
کمیٹی کی جانب سے احتیاطی تدابیرکے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے لازمی ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں۔

مارکیٹ میں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت چیک کیاجاتا ہے(فوٹو،سبق نیوز)

یاد رہے مملکت میں کورونا سے بچاو کےلیے حفاظتی اقدامات کے تحت کرفیو اور لاک ڈاون کا نفاذ کیا گیا ہے تاکہ لوگ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کرفیو کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
لاک ڈاون کے اوقات میں جدہ سمیت 9 شہروں میں مقیم افراد پر ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں جانے پر پابندی ہے۔

شیئر: