تھرمل سسٹم 9 میٹردوری سے 25 افراد کا درجہ حرارات نوٹ کرسکتا ہے(فوٹو، سبق)
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے انتہائی حساس نوعیت کا تھرمل مانیٹرنگ کیمروں سے لیس ڈیجیٹل کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کر دیا ہے۔
ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جاسکے گا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈیجیٹل تھرمل سسٹم کے ذریعے ایک ہی وقت میں 9 میٹر دوری سے 25 افراد کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جا سکے گا۔
اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مسجد نبوی میں نصب کیے جانے والے ڈیجیٹل تھرمل سسٹم کے ذریعے مسجد میں آنے والے افراد کا جسمانی درجہ حرارت اور دیگر معلومات کو ایک ماہ تک ہارڈ ڈسک میں محفوظ کیا جا سکے گا تاکہ بعد ازاں کسی بھی نوعیت کی معلومات کے لیے ان افراد سے رابطہ کیا جا سکے۔
جدید ترین ڈیجیٹل تھرمل سسٹم کی خاصیت ہے کہ وہ فوری طور پر معائنہ کیے گئے افراد کا جسمانی درجہ حرارت کنٹرول روم میں موجود مانیٹر پر ڈسپلے کرنے کے ساتھ فوری طور پرساونڈ الرٹ بھی جاری کرے گا۔ علاوہ ازیں متعلقہ ذمہ داروں کو موبائل سسٹم پر مذکورہ شخص کی رپورٹ بھی ارسال کر دی جائے گی۔
واضح رہے مدینہ منورہ کی بلدیہ نے شہر کی مرکزی سبزی منڈی میں ڈیجیٹل تھرمل کیمروں سے لیس ڈرون کے ذریعے لوگوں کی مانٹرنگ کی سہولت فراہم کی ہوئی ہے جبکہ مارکیٹوں میں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت ریکارڈ کرنے کے لیے اہلکاروں کو بھی متعین کیا گیا ہے۔
یاد رہے مدینہ منورہ میں کورونا سے بچاو کےلیے 24 گھنٹے کا کرفیو اور لاک ڈاون کیا گیا ہے تاکہ سوشل ڈسٹینسنگ کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس ضمن میں وزارت صحت کا کہنا تھا کہ لوگوں کوچاہیے کہ گھروں سے نہ نکلیں اور سماجی رابطوں کو ختم کرتے ہوئے کورونا وائرس سے بچاو کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ اس وبا سے جلد ازجلد چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔