Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا میں وائرس سے بڑا مسئلہ مسلمان ہیں‘

 ببیتا پھوگاٹ نے حال ہی میں انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
انڈیا کی چیمپیئن ریسلر ببیتا پھوگاٹ نے اپنی ٹویٹ میں انڈیا میں کورونا وائرس پھیلانے کا  ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ان کا اکاؤنٹ معطل کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ببیتا پھوگاٹ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام شئیر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا  ہے کہ 'میں نے کچھ دن پہلے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کچھ ٹوئٹس کی تھیں جس کی وجہ سے مجھے فیس بک اور واٹس ایپ پر کچھ لوگ غلط میسیج  کر رہے ہیں، گالیاں بھی دے رہے ہیں اور کچھ لوگ فون کالز پر دھمکیاں دے رہے ہیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'میں ان لوگوں کو جواب دینا چاہتی ہوں کہ ’کان کھول کر ایک بات سن لیں اور دماغ میں بھی بٹھا لیں کہ میں زائرہ وسیم  نہیں ہوں جو آپ کی دھمکیوں سے ڈر کر گھر پر بیٹھ جاؤں گی، میں اصلی ببیتا پھوگاٹ ہوں ہمیشہ اپنے ملک کے لیے لڑی ہوں اور آگے بھی لڑوں گی۔‘‘

ببیتا پھوگاٹ نے مزید کہا کہ 'میں نے اپنی ٹویٹ میں کچھ بھی غلط نہیں لکھا میں ابھی بھی اپنی لکھی ہوئی ٹویٹس پر قائم ہوں۔ میں نے ان لوگوں کے بارے میں لکھا ہے جنھوں نے کورونا وائرس کو پھیلایا ہے۔'
لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے سوال بھی کیا کہ 'آپ لوگ سوچ کر مجھے بتائیں کیا ابھی بھی تبلیغی جماعت والے نمبر ون پر نہیں بنے ہوئے؟'
ٹوئٹر صارف ابیشھیک مشرا نے لکھا کہ 'میں اس معاملے میں ببیتا کو مکمل سپورٹ کروں گا کیونکہ وہ ان لوگوں کے بارے میں آواز اٹھا رہی ہیں جنھوں نے ڈاکٹرز اور پولیس پر حملہ کیا۔ یہی بات سلمان خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہی تھی تو ان پر کسی نے تنقید نہیں کی کیونکہ ان کا تعلق مسلمان خاندان جبکہ ببیتا کا ہندو خاندان سے ہے۔'

اس سے قبل بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن کا ٹوئٹر اکاؤنٹ نفرت پھیلانے اور ٹوئٹر کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کر دیا گیا تھا۔ کنگنا رناوت کی بہن رنگولی نے بھی اپنی ٹویٹ میں مسلمانوں اور میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ان کو قطار میں کھڑے کر کے گولی مار دینی چاہیے۔'
ٹوئٹر صارف اشو اب کا کہنا تھا کہ نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

ببیتا پھوگاٹ نے مسلمانوں کے لیے ایک توہین آمیز ہیش ٹیگ کا استعمال کیا اور کہا کہ انڈیا کے لیے وائرس سے بھی بڑا مسئلہ مسلمان ہیں۔
ٹوئٹر صارف ملک کا کہنا تھا کہ 'اس پارٹی (بی جے پی) میں ان پڑھ اور پڑھے لکھے دونوں میں کوئی خاص فرق نہیں ہے پتا نہیں ان کے والدین انہیں کیسے برداشت کرتے ہیں۔'

​یاد رہے کہ ببیتا پھوگاٹ نے حال ہی میں انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

شیئر: