چچا کی تعزیت کے لیے قرنطینہ سے فرار
اتوار 19 اپریل 2020 11:10
’تعزیتی اجلاس میں مریض نے کئی لوگوں سے مصافحہ کیا اور کئی نے اسے گلے بھی لگایا‘ ( فوٹو: النباء)
مصر میں کورونا کا ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہوکر اپنے چچا کی وفات پر تعزیتی اجلاس میں شریک ہوگیا۔
مقامی اخبار الیوم السابع نے وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ کورونا کا مریض الشرقیہ صوبے کے قرنطینہ سینٹر سے فرار ہوا تھا۔
وزارت کے مطابق مریض ایک چیز فیکٹری میں کام کرتا تھا جہاں اس کے 6 اور ساتھیوں میں کورونا کے جراثیم موجود ہونے پر فیکٹری کو بند کر دیا گیا تھا۔
مریض کو چچا کے انتقال کی خبر ملی تو وہ قرنطینہ سے فرار ہوکر تعزیتی اجلاس میں شریک ہونے چلا گیا۔
وزارت کی اطلاعات کے مطابق مریض نے تعزیتی اجلاس میں کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ بھی دیا۔
پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے قرنطینہ میں دوبارہ داخل کردیا گیا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ تعزیتی اجلاس میں شریک تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا، اجلاس ختم کروایا گیا اور پورے علاقے میں جراثیم کش ادویہ کا استعمال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ تک دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مصر میں کورونا کے 188 نئے مریضوں کے بعد کل تعداد بڑھ کر 3032 ہوگئی ہے جبکہ 224 افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔