امارات: وبائی امراض کے متعلق بے بنیاد معلومات شیئر کرنے پر 20 ہزار درہم جرمانہ
’ کورونا سمیت صحت کی عمومی خبریں وزارت صحت کو جاری کرنے کا اختیار ہے‘ ( فوٹو: الامارات الیوم)
اماراتی کابینہ نے وبائی امراض کے متعلق افواہ پھیلانے اور غلط معلومات شیئر کرنے پر 20 ہزار درہم جرمانے کا قانون منظور کیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (وام ) کے مطابق کابینہ نے کہا ہے کہ ’وبائی امراض کے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر سنگین نتائج بر آمد ہوتے ہیں‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’افواہ اوربے بنیاد معلومات سے حکومت کی طرف سے آگاہی کی کوششوں کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’کورونا سمیت صحت کی عمومی خبریں وزارت صحت کو جاری کرنے کا اختیار ہے، اسی طرح کورونا سے بچاؤ کی تدابیر اور عام آگاہی بھی وزارت کی طرف سے جاری ہوگی‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’کورونا سے بچنے کے ٹوٹکے اور آگاہی و ہدایات جاری کرنا بھی بے بنیاد معلومات پھیلانے کے زمرے میں آتا ہے‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’فیصلے میں سوشل میڈیا کے تمام ذرائع کے علاوہ نشر و اشاعت کے کسی بھی ذریعہ کو شامل کیا گیا ہے‘۔
کابینہ نے کہا ہے کہ ’وبائی امراض کے متعلق بے بنیاد معلومات جاری کرنے کے علاوہ اسے شیئر کرنا بھی جرم ہے، اس پر 20 ہزار درہم جرمانہ ہوگا‘۔