Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے لیے سائیکل پر 850 کلومیٹر کا سفر

ایک ہفتے تک دن رات مسلسل سائیکل چلاتے ہوئے 24 سالہ نوجوان نے 850 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا (فوٹو:ٹوئٹر)
جب سونوکمار اپنی سائیکل پر سوار ہو کر انڈیا کی شمالی ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ سے نکلے تو ان کا خیال تھا کہ وہ طے شدہ وقت کے مطابق اپنے گھر اترپردیش پہنچ جائیں گے جہاں 15 اپریل کو ان کی شادی طے تھی۔
ایک ہفتے تک دن اور رات مسلسل سائیکل چلاتے ہوئے 24 سالہ نوجوان نے اپنے تین دوستوں کے ہمراہ 850 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا لیکن اتوار کو وہ گھر پہنچنے کے بجائے بلرام پور کے قرنطینہ سینٹر میں پہنچ گئے۔
انڈیا کی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سونوکمار لدھیانہ میں ٹائلوں کی فیکٹری میں کام کرتے ہیں، وہ اپنے تین دوستوں کے ہمراہ سائیکل پر روانہ ہوئے کیونکہ انڈیا میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون کی وجہ سے آمدورفت کے تمام ذرائع بند ہیں اور سونوکمار کو اپنی شادی کے لیے ہر صورت گھر پہنچنا تھا۔
اتوار کو حکام نے انہیں اس وقت پکڑ لیا جب وہ اترپردیش کی حدود میں داخل ہوئے تھے اور انہیں قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا۔

انڈیا میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاون کی وجہ سے ذرائع آمدورفت بند ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

سونوکمار نے انڈیا کی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ 'یہاں سے 150 کلو میٹر دور میرے گھر پر شادی کی تقریب تھی اور زیادہ امکان یہی تھا کہ یہ تقریب دھوم دھام سے منعقد نہیں ہوگی لیکن حکام نے میری درخواست کے باوجود مجھے گھر جانے کی اجازت نہیں دی۔'
تاہم انہوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ 'صحت زیادہ اہم ہے شادی تو بعد میں بھی ہوسکتی ہے۔'
بلرام پور کے سب انسپیکٹر دیورنجن ورما کا کہنا تھا کہ سونوکمار اور اس کے ساتھیوں کو اس وقت روکا گیا جب وہ ضلعے کی حدود میں داخل ہو رہے تھے اور انہیں قرنطینہ سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔' 
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان کی رپورٹس 14 دن میں مثبت نہ آئیں تو انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

شیئر: