Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاک ڈاؤن میں چاول نہ ملے تو شکاریوں نے زہریلا کوبرا کھا لیا

حکام کے مطابق تحفظ جنگی حیات ایکٹ کے تحت شکاریوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا سے آئے روز عجیب و غریب خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ کبھی ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کے بغیر مسلمانوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا جاتا ہے، کہیں کورونا کو روکنے کے لیے نوجوان اپنی زبان کاٹ لیتا ہے اور کوئی لُڈو کھیلتے ہوئے کھانسنے پر اپنے ساتھی کو گولی مار دیتا ہے۔
ایسا ہی ایک عجیب واقعہ انڈین ریاست اروناچل پردیش میں سامنے آیا ہے جہاں گاؤں کے چند نوجوانوں نے جنگل میں جا کر کنگ کوبرا پکڑا کر دعوت اُڑانے کا پروگرام بنا لیا۔
واضح رہے کہ انڈیا میں کنگ کوبرا کو مارنا قانوناً ناقابل ضمانت جرم  ہے اور  ارونا چل پردیش کو سانپوں کا گڑھ مانا جاتا ہے۔

 

انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ارونا چل پردیش میں کواٹھی کے ایک گاؤں میں شکاریوں کے ایک گروپ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں زہریلے سانپ کو ان کے کندھوں پر لٹکتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں وہ دعوی کر رہے ہیں کہ انہون نے سانپ کو جنگل میں مارا۔ انہوں نے اسے پکا کر کھانے کا انتظام کیا اور سانپ کے گوشت کو کاٹ کر رکھنے کے لیے کیلے کے پتے بچھائے۔
ویڈیو میں ایک شخص کو یہ کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ’ہمارے پاس لاک ڈاؤن کی وجہ سے چاول ختم ہوگئے تھے، اس لیے کھانے کی تلاش میں جنگل گئے اور وہاں یہ کوبرا ملا۔‘
دوسری جانب حکام کے مطابق تحفظ جنگلی حیات ایکٹ کے تحت ان شکاریوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

شیئر: