جی ٹوئنٹی : ’دنیا میں صحت کے نظام کو موثر بنانا ہوگا‘
جی ٹوئنٹی : ’دنیا میں صحت کے نظام کو موثر بنانا ہوگا‘
پیر 20 اپریل 2020 18:34
سعودی وزیر صحت نے وڈیو کانفرنس کی صدارت کی-(فوٹو ٹوئٹر)
جی ٹوئنٹی کے وزرائے صحت نے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوشوں میں یکجہتی کے لیے وڈیو کانفرنس کی ہے- سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نےصدارت کی-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جی 20 کے وزرائے صحت نے اطمینان دلایا ہے کہ ان کے سارے فیصلوں کا محور اقوام عالم کی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے-
انہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین کورونا وبا کا علاج، عالمی صحت کا فروغ اور کورونا سے ہونے والے اجتماعی و اقتصادی نقصانات کو کنٹرول کرنا ہے-
جی 20 کے وزرائے صحت نے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے حفاظتی تدابیر اور عملی تجربات کا تبادلہ کیا- وبا کے خطرات سے بچاؤ کے لیے تیاریوں میں موجود خلیج کم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی-
وزرائے صحت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں صحت نظام کو موثر بنانا اور اس کا معیار بلند کرنا ہوگا-
جی 20 کے وزرائے صحت نے ترقی پذیر اور معمولی ترقی والے ملکوں کودرپیش خطرات کے حوالے سے کہا کہ جی 20 کے قائدین کو کورونا وبا کی وجہ سے ان ملکوں کو درپیش خطرات کے حوالے سے بڑی تشویش ہے کیونکہ ان کے صحت ادارے اور اقتصادی حالات خطرات سے نمٹنے کی سکت نہیں رکھتے-
جی 20 کے وزرائے صحت نے وباؤں کے لیے تیاری کا معیار بلند کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا جائزہ لیا- موجودہ وبا سمیت تمام وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ڈیجیٹل حل سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا-
مریضوں کی سلامتی ، صحت نظام کی قدرو قیمت بڑھانے اور اینٹی بائیوٹک کی مزاحمت کرنے والے بیکٹریا جیسے مسائل بھی زیر بحث آئے-
جی 20 کے وزرائے صحت نے کورونا وبا پر قابو پانے میں معاون اضافی اقدامات کے لیے مکمل مستعدی کا اظہار کیاجبکہ ضرورت پڑنے پر اپنے ایک اور اجلاس کا بھی عندیہ دیا ہے-