لاک ڈاؤن میں چھتوں پر بسی ایک الگ سی دنیا کی تصاویر
کورونا وائرس کے باعث آدھی سے زیادہ دنیا گھروں میں قید ہے لیکن لوگوں نے بھی شاید چاہتے نہ چاہتے ہوئے اس صورتحال کو اپنا لیا ہے اور اپنے گھروں کی چھتوں پر ہی تفریح کا انتظام کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوئی شخص چھت پر مصوری کر رہا ہے، کوئی کھیلوں میں مشغول ہے، کوئی بال کٹوا رہا ہے تو کوئی موسیقی میں مگن ہے۔
اس فوٹو میں ایک 22 سالہ عراقی خاتون فدا خلیل، جو عراقی نیشنل سیمفونی آرکیسٹرا کی ممبر بھی ہے، بغداد میں واقع اپنی رہائش گاہ کی چھت پر بڑے انہماک کے ساتھ وائلن بجا رہی ہیں۔
چیک رپبلک کے شہر پراگ میں سٹریٹ سنگر ایک چھت پر ماسک پہنے میوزک سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
یہ تصویر ایک لبنانی مصورہ حیات نذر کی ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے لیبیا کے دارالحکومت تریپولی میں ہیں اور چھت پر ایک پینٹنگ بنانے میں مصروف ہیں۔
اس فوٹو میں بھی ایک 16 سالہ یونانی آرٹسٹ ایتھنز میں ایک چھت پر اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ان کی یہ پینٹنگ لاک ڈاؤن کے دوران بڑھتے ہوئے تشدد کی عکاس ہے جس میں ایک زخمی عورت کو دکھایا گیا ہے اور اس کے ہونٹوں پر انگلی ہے۔
اٹلی کے شہر فنالے لیگور میں ویٹوریا اولیویری اپنی ہمسائی کارولا کے ساتھ ٹینس کھیل رہی ہیں۔ دونوں اپنی اپنی چھتوں پر موجود ہیں۔
دبئی میں لی گئی اس تصویر میں مسجد کے بالکل پہلو میں واقع ایک گھر میں کرفیو کے دوران لوگ چھت پر نماز ادا کر رہے ہیں۔
فلسطینی کراٹے کوچ شیخ عید کے بیٹے وائل رفا میں پناہ گزین کیمپ میں واقع اپنے گھر کی چھت پر کراٹے کی پریکٹس کر رہے ہیں۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک حجام چھت پر اپنے دوست کے بال کاٹ رہا ہے کیونکہ لبنان میں ہیر ڈریسر کی دکانیں بند ہیں۔