اداکار عرفان خان کی طبیعت خراب، ہسپتال میں داخل
سوشل میڈیا پر بالی وڈ اداکار کے مداح ان کے لیے دعاوں اور نیک تمناوں کا اظہار کررہے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کو طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق عرفان خان کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ بالی وڈ اداکار کو بڑی آنت میں انفیکشن کی وجہ سے ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔ وہ اس وقت ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عرفان خان کی ہمت اور حوصلے کی وجہ سے وہ پہلے بھی اپنی بیماری سے لڑے اور ہمیں یقین ہے کہ اپنی قوت ارادی اور خیرخواہوں کی دعاوں کی وجہ سے وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔
53 سالہ اداکار کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کیا گیا۔
یاد رہے کہ سنیچر کو عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ بیرون ملک ہونے کے باعث اداکار اپنی والدہ کی تدفین میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شامل ہوئے تھے۔
سوشل میڈیا پر بالی وڈ اداکار کے مداح ان کے لیے دعاوں اور نیک تمناوں کا اظہار کررہے ہیں۔
دیبی کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'خود کو عرفان خان کی جگہ رکھ کر سوچیں۔ گذشتہ دو سال سے وہ کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے۔ اپنے علاج کے دوران انہوں نے 'انگیزی میڈیم' فلم کی۔ ان کی والدہ کا انتقال ہوا مگر وہ انہیں آخری بار دیکھ بھی نہیں سکے۔'
پارتھا ساراتھی نامی صارف نے لکھا کہ '2020 میں پہلے ہی بری خبریں سننے کو مل رہی ہیں، میرے پسندیدہ اداکار عرفان خان جلدی صحت یاب ہوجائیں۔ آپ کسی ہیرے سے کم نہیں ہیں۔'
صوفیہ حسیب صدیقی نے لکھا کہ 'خدا آپ کو جلد صحت یاب کرے۔یہ ایک بابرکت مہینہ ہے اور امید ہے کہ خدا آپ بھی اپنی رحمت کرے گا۔