Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرا کی اپیل، 'میں اپنے وطن آکر مرنا چاہتی ہوں'

اداکارہ میرا نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ انہیں نیویارک سے پاکستان واپس بلایا جائے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستانی اداکارہ میرا جو آج کل امریکہ کے شہر نیویارک میں ہیں، نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ حکومت ان کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کرے۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ 'میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی ہوں کہ میری وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔ میں اپنے وطن آکر مرنا چاہتی ہوں۔'
ویڈیو میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نیویارک میں ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ہمراہ شوز کے سلسلے میں اور فلم کی شوٹنگ کے لیے گئی تھیں۔ 
'میرے تمام کولیگز واپس جا چکے ہیں اور میں نیویارک میں پھنس گئی ہوں۔ میرے پاس کوئی سیونگز نہیں ہیں، میرا گزارا مشکل ہوگیا ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ نیو یارک ایک قبرستان بنتا جا رہا ہے، جہاں ہر روز اموات ہو رہی ہیں۔ 'موت سب کو آنی ہے لیکن میں کسی غیر ملک میں نہیں مرنا چاہتی۔'
قبل ازیں معروف پاکستانی اداکار شمعون عباسی، محب مرزا اور صنم سعید سمیت شوبز انڈسٹری سے وابستہ 21 افراد فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے کئی دنوں تک تھائی لینڈ میں پھنس گئے تھے اور حکومت سے اپیل کر رہے تھے کہ انہیں واپس لایا جائے۔

یہ تمام افراد محب مرزا کی آنے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنہ‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں فروری سے تھائی لینڈ میں تھے اور انہوں نے 23 مارچ کو پاکستان واپس آنا تھا۔
لیکن کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کے بعد یہ تمام افراد وہیں محصور ہو گئے۔

شیئر: