Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کا دبنگ پیغام: ’جو ڈر گیا، سمجھو بچ گیا‘

بالی وڈ سٹار کورونا وائرس کے پیش نظر نقل وحرکت محدود رکھے ہوئے ہیں (فوٹو اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار سلمان خان نے مشہور زمانہ ڈائیلاگ ’جو ڈر گیا وہ مر گیا‘ کا نیاورژن متعارف کراتے ہوئے فینز کو تلقین کی ہے کہ ’جو ڈر گیا سمجھو بچ گیا‘۔
سہیل خان کے صاحبزادے نروان خان کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں بالی وڈ کے دبنگ خان کا کہنا تھا کہ ’وہ کچھ دنوں کے لیے یہاں آئے تھے لیکن اب یہیں پر ہیں۔
تقریبا ڈیڑھ منٹ کے ویڈیو پیغام میں وہ نروان سے پوچھتے ہیں کہ ’انہوں نے اپنے والد کو کب سے نہیں دیکھا؟‘ جواب میں تین ہفتے کا سن کر سلمان خان خود بھی کہتے ہیں کہ ‘انہوں نے بھی والد کو تین ہفتوں سے نہیں دیکھا کیونکہ ہم لوگ یہاں ہیں اور والد گھر پر اکیلے ہیں۔
پاکستان میں 1995 میں لالی وڈ فلم ’جو ڈر گیا وہ مر گیا‘ اور انڈیا میں 2002 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ’جو ڈر گیا سمجھو مر گیا‘ کی وجہ سے مشہور ہونے والے مکالمے کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان خان کہتے ہیں ’جو ڈر گیا سمجھو مر گیا‘ کا ڈائیلاگ یہاں اپلائی نہیں ہوتا۔
’ہم لوگ ڈر گئے ہیں اور بڑی بہادری سے کہہ رہے ہیں کہ ہم لوگ ڈر گئے ہیں‘ کا اقرار کرنے کے بعد وہ دوسروں کو کہتے ہیں کہ ’آپ لوگ زیادہ بہادر نہ بنیں‘۔
سلمان خان نے اپنے ساتھ ویڈیو میں دکھائی دینے والے بھتیجے نروان خان سے پوچھا کہ ’کیا وہ اس میں بہادری کا کوئی موقع دیکھتے ہیں؟‘ تو جواب ملا کہ ’ بہتر ہے کہ ہر ایک گھر پر ٹھہرے، دوسروں سے رابطہ نہ رکھیں۔ میرا خیال ہے کہ جتنا ہم محدود رہیں گے یہ اتنا ہی جلد ختم ہو گا۔‘
بھتیجے کے خیالات سے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے 54 سالہ اداکار کہتے ہیں ’ جو ڈر گیا سمجھو مر گیا، وہ یہاں پر اپلائی نہیں کرتا بلکہ جو ڈر گیا سمجھو بچ گیا، اور اس نے بہت سارے لوگوں کو بچایا بھی۔‘
کہانی کا نچوڑ بیان کرتے ہوئے سلمان خان کہتے ہیں ’ہم ڈر گئے۔‘
اپنے 32 سالہ کیریئر میں 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے سلمان خان کے ویڈیو پیغام کی سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور پزیرائی کی۔ 70 ہزار سے زائد افراد نے ان کے پیغام پر پسندیدگی کا اظہار کیا اور اپنے تبصروں یا ری ٹویٹس کی مدد سے اسے آگے بڑھایا۔
اجے دیوگن کو سالگرہ کی مبارکباد کے علاوہ یہ سلمان خان کی جانب سے اپنے بھتیجے کے انتقال کے بعد دوسرا سوشل میڈیا پیغام ہے۔
چند روز قبل سلمان خان کے بھتیجے عبداللہ خان ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ فٹ رہنے کے شائق 38 سالہ عبداللہ خان کے انتقال کے بعد سلمان خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کردہ پیغام میں کہا تھا ’ہمیشہ تم سے محبت کرتا رہوں گا۔

انڈیا بھی کورونا وائرس سے متاثر ملکوں میں شامل ہے، جہاں اب تک کورونا وائرس کے چار ہزار سے زائد مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: