Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان انتقال کر گئے

بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان 54 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
عرفان خان کو بڑی آنت میں انفیکشن تھا اور منگل کو طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بدھ کو فلم ساز شوجیت سرکار نے عرفان خان کی موت کی خبر ٹوئٹر پر شیئر کی۔
عرفان خان کو سنہ 2018 میں ٹیومر تشخیص کیا گیا تھا۔
عرفان خان کے ترجمان نے منگل کو بتایا تھا کہ بالی وڈ اداکار کو بڑی آنت میں انفیکشن کی وجہ سے ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ 
پاکستان اور انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین عرفان خان کی موت پر دکھ اور صدمے کا اظہار کر رہے ہیں اور اس وقت ان کے نام کا ہیش ٹیک ٹوئٹر پر پہلے نمبر پر ہے۔
انڈین  فلم ساز شوجت سرکار نے ٹویٹ کیا کہ عرفان خان نے آخری دم تک بیماری سے مقابلہ کیا اور ان کی اہلیہ ستاپا نے بھی ہر ممکن طریقے سے ان کا ساتھ دیا۔

پاکستانی اداکارہ صبا قمر جنہوں نے عرفان خان کے ساتھ فلم 'ہندی میڈیم' میں کام کیا تھا نے اسٹاگرام پر لکھا ہے کہ انہیں اب تک اس بات کا یقین نہیں آرہا۔ ان کا کہنا ہے کہ عرفان خان نے انہیں بظور ایکٹر بہت کچھ سکھایا۔

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے عرفان خان کی موت کو سینما اور تھیٹر کا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو اپنی ورسٹائل اداکاری کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بالی وڈ سٹار کاجول نے عرفان خان کی موت ان کے اہلِ خانہ نے ساتھ غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

علی اصغر نام کے صارف نے ان کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عرفان خان جیسی صلاحیت کم ہی آرٹسٹوں میں پائی جاتی ہے۔

ٹوئٹر صارف سندھو نواز گھانگھرو نے لکھا ہے کہ عرفان خان نے کو فلمیں کی ہیں وہ ان کے نام کو آگے لے جائیں گی۔

یاد رہے کہ سنیچر کو عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ بیرون ملک ہونے کے باعث اداکار اپنی والدہ کی تدفین میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شامل ہوئے تھے۔
 

شیئر: