ابوظبی اور شارجہ میں شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت
حکام نے کہا ہے کہ گنجائش سے زیادہ کاہگوں کا استقبال نہ کیا جائے گا (فوٹو: الامارات الیوم)
دبئی کے بعد ابوظبی اور شارجہ میں بھی شاپنگ مالز کھولنے کی محدود اجازت دے دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے باعث ملک میں سخت حفاظتی تدابیر میں نرمی کے بعد تجارتی سرگرمیوں کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز بھی ہو رہا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی کے تین بڑے شاپنگ مالز کو کھولا گیا ہے تاہم انتظامیہ کو حفاظتی تدابیر کے تحت ہدایت کی گئی ہے کہ گنجائش سے 30 فیصد زیادہ کاہگوں کا استقبال نہ کیا جائے۔
تمام شاپنگ مالز کے دروازوں پر آنے والے گاہکوں کا معائنہ کیا جائے گا جبکہ سینیٹائزر، ماسک اور دستانے پہننے کی پابندی کی جائے گی۔
دوسری طرف شارجہ میں آج اتوار سے شاپنگ مالز کو مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
شارجہ حکومت نے تمام شاپنگ مالز کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دکانوں میں کسی قسم کی آفر نہیں لگائی جاسکتی نیز فروخت ہونے والا سامان ناقابل واپسی ہوگا۔