Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کورونا ووہان کی لیبارٹری سے شروع ہوا'

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ اس کے 'کافی زیادہ شواہد' موجود ہیں کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا چین کے شہر ووہان کی ایک لیبارٹری سے شروع ہوئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مائیک پومپیو نے اتوار کو اے بی سی نیوز کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'کافی زیادہ ثبوت موجود ہیں کہ وائرس یہیں (لیبارٹری) سے شروع ہوا۔'
اگرچہ امریکی وزیر خارجہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے چین کو تنقید کا نشانہ بنایا مگر انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا کہ آیا اس وائرس کو جان بوجھ کر پھیلایا گیا تھا۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا تھا کہ 'ان کے پاس اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ وائرس ووہان کی ایک لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔'
کورونا وائرس کے بارے میں گُمان یہ کیا جاتا ہے کہ یہ گذشتہ برس چین کے شہر ووہان کی ایک ایسی مارکیٹ سے پھیلا جہاں زندہ جنگلی جانور فروخت کیے جاتے تھے، تاہم یہ قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی ہیں کہ یہ وائرس ووہان کی ایک خفیہ لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔
نیوز رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کی ابتداء کے حوالے سے امریکی جاسوسوں کو مزید معلومات اکھٹی کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
مائیک پومپیو جو سی آئی اے کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں نے 'اے بی سی' کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ جمعرات کو امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کی طرف سے جاری کیے گئے بیان سے متفق ہیں کہ 'کورونا وائرس انسان کا تخلیق کردہ یا مصنوعی طریقے سے پیدا کردہ نہیں ہے۔'

امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی نے کہا تھا کہ وائرس انسان کا تخلیق کردہ نہیں (فوٹو: اے پی)

تاہم ساتھ ہی ساتھ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اس کا واضح ثبوت ہے کہ وائرس کی ابتدا چین کے شہر ووہان کی ایک لیبارٹری سے ہی ہوئی ہے۔
مائیک پومپیو نے کہا کہ 'میرے خیال میں اب پوری دنیا دیکھ سکتی ہے۔ یاد رکھیں کہ دنیا کو بیماریوں سے متاثر کرنے اور غیر معیاری لیبارٹریاں چلانے کے حوالے سے چین کی ایک تاریخ ہے۔'
اس حوالے سے جب صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا تھا کہ کیا وہ اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ووہان انسٹی ٹیوٹ آف ورولوجی میں ہی اس وائرس کو تیار کیا گیا ہے پر ان کا کہنا تھا 'جی ہاں۔'

صدر ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ وائرس ووہان کی ایک لیب میں بنایا گیا (فوٹو: اے پی)

وائٹ ہاؤس میں جب رپورٹرز نے امریکی صدر پر زور دیا تھا کہ وہ اس بارے میں اتنے یقین اور اعتماد سے کیسے کہہ سکتے ہیں؟ اس پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'یہ میں آپ کو نہیں بتا سکتا۔'
مائیک پومپیو اور صدر ٹرمپ مسلسل چین پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگا رہے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے وائرس پھیلانے کا مقصد رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں انہیں شکست سے دوچار کرنا ہے۔

شیئر: