Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روزے میں کی جانے والی پانچ آسان ورزشیں

کیا آپ رمضان کے دوران ورزش کرنا چاہتے ہیں؟ اس حوالے سے فٹ سکواڈ ڈی ایکس بی کے کوچ، ماہر غذائیات اور ٹرینر ڈیونڈر بینس نے پانچ طریقے بتائے ہیں۔
عرب نیوز پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اگر آپ روزے سے ہیں اور ورزش کرنے جا رہے ہیں تو پھر درست ورزش کا انتخاب زیادہ اہم ہے کیونکہ اس سے آپ کا سانس کم پھولے گا، پانی کی کم ضرورت محسوس ہو گی اور پٹھوں کو پھولنے سے بچانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ یہ ورزشیں ایک ترتیب کے ساتھ کریں اور مشقت کے لیے اپنی قوت بڑھائیں۔

آنکھوں کی سیدھ تک ہاتھ اٹھانا

اس طرح سیدھے کھڑے ہوں کہ آپ کے ہاتھ رانوں پر ہوں، جن میں ویٹس پکڑے ہوں۔ آہستہ سے دونوں بازو اوپر اٹھائیں۔ ان کو بالکل سیدھا رکھتے ہوئے آنکھوں کی سیدھ میں لائیں۔ اس کے بعد آہستگی سے نیچے لے جائیں۔ اپنے جسم کو ادھر اُدھر حرکت دیے بغیر یہ عمل دس بار دوہرائیں۔

واکنگ لنجز یا لمبے قدموں سے چلنا

کمرے کے ایک کونے سے شروع کریں اور دائیں پیر سے ایک بڑا قدم لیں اس طرح کہ بائیں پاؤں کا گھٹنا فرش کے بالکل قریب ہو۔ سامنے کا پیر نوے درجے کے زاویے پر گھٹنے سے مڑا ہو۔ اسی پوزیشن میں تھوڑی دیر رکیں، جسم اوپر اٹھائیں اور دوسری ٹانگ سے ایک قدم آگے بڑھیں۔ یہ سلسلہ جاری رکھیں تاوقتیکہ آپ کمرے کے دوسرے سرے تک نہیں پہنچ جاتے۔ اس طرح پانچ چکر لگائیں۔

پلینک

فرش پر منہ کے بل لیٹ جائیں اور اپنے جسم کو پاؤں کی انگلیوں، کلائیوں اور کہنیوں کے درمیانی حصے کی مدد سے اوپر اٹھائیں۔ اس دوران پاؤں، کندھوں، کمر اور گردن کو ایک سیدھ میں رکھیں۔ اس پوزیشن میں تب تک رہیں جب تک آپ رہ سکتے ہیں، اس کے بعد گھٹنے نیچے لگا لیں۔ یہ عمل تین دفعہ کریں۔

اٹھک بیٹھک

اس طرح کھڑے ہوں کہ ٹانگوں کا درمیانی فاصلہ کندھوں کے برابر ہو اور نیچے کا حصہ بیٹھنے کی پوزیشن میں ہو۔  اس کے بعد کھڑے ہونے کی پوزیشن میں اس طرح جائیں کہ دائیں پاؤں کو پینتالیس درجے کے زاویے تک ہوا میں اٹھائیں۔
پھر اس پیر کو زمین تک لاتے ہوئے بیٹھک کی پوزیشن میں واپس چلے جائیں۔ اس کے بعد بائیں پاؤں کو اٹھائیں۔ دونوں اطراف کے حساب سے دس مرتبہ یہ مشق کریں۔

ڈنڈ پیلنا

فرش پر اوندھے منہ اس طرح لیٹیں کہ ہاتھ کندھوں کے برابر کھلے ہوں۔ ہاتھ سیدھے فرش پر ٹکے ہوں جسم تھوڑا سا ہوا میں اٹھا ہو، کہنیوں میں خم ہو، جبکہ نیچے کا حصہ پیروں کی انگلیوں کی مدد سے اٹھا ہوا ہو۔  گردن، کمر اور نیچے کے حصے کو سیدھ میں رکھتے ہوئے سینے کو فرش کے اس حد تک قریب لے جائیں جس حد تک آپ لے جا سکیں۔ اس کے بعد ہاتھوں کی مدد سے جسم کو اٹھا لیں۔ یہ عمل دس مرتبہ کریں۔ اگر آپ کو یہ مشکل لگے تو گھٹنوں کو فرش کے ساتھ لگا کر اسے آسان بنا سکتے ہیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: