Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے اموات میں برطانیہ دوسرے نمبر پر

اموات کے لحاظ سے امریکہ کے بعد برطانیہ دنیا کا دوسرا متاثرہ ملک بن گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتیں اٹلی سے بڑھ گئی ہے۔ 
برطانیہ کے قومی اعداد و شمار کے ادارے آفس فار نیشنل سٹیسٹکس کے مطابق برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد  32 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ادارے کی جانب سے تازہ اعداد و شمار جاری ہونے کے بعد اموات کے لحاظ سے امریکہ کے بعد برطانیہ دنیا کا دوسرا متاثرہ ملک بن گیا ہے۔

 

ہلاکتوں کے نئے اعداد و شمار کو ابھی روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ ہونے والے ڈیٹا میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور اُن اعداد و شمار کے مطابق اموات کی تعداد 29 ہزار 427 ہے۔
برطانوی وزارت صحت اس سے قبل صرف ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی ہلاکتوں کا اعلان کیا تھا، تاہم قومی ادارہ اعداد و شمار نے ہفتہ وار فیگرز جاری کیے ہیں اور اس میں دو ہفتے قبل کیر ہومز اور کمیونٹی میں ہونے والی اموات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
آفس فار نیشنل سٹیسٹکس کے شعبہ ہیلتھ انیلسز کے سربراہ نِک سٹرائپ نے ٹوئٹر پر لکھا ’برطانیہ کے مقابلے میں کوئی اور ملک اتنی تیزی، تسلسل، یا اتنی زیادہ گہرائی اور وسعت کے ساتھ اموات کا ڈیٹا رپورٹ نہیں کر سکتا۔
برطانیہ میں کیر ہومز میں ہونے والی اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق صرف انگلینڈ میں واقع کیر ہومز میں ہونے والی ہلاکتیں چھ ہزار 400 ہیں اور وبا کے پھیلاو میں کمی کے باوجود اس تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اب تک اس وبا سے دنیا بھر میں دو لاکھ 53  ہزار 381 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکہ میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ کے قریب ہے، جبکہ 69 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادو شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 36 لاکھ 18 ہزار 325  ہو گئی ہے۔
اب تک اس وبا سے دنیا بھر میں دو لاکھ 53  ہزار 381 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: