Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے دنیا میں اڑھائی لاکھ ہلاکتیں

دنیا بھر میں 36 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اڑھائی لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سے 85 فیصد سے زیادہ کا تعلق امریکہ اور یورپی ممالک سے ہے۔ 
دوسی جانب عالمی رہنماؤں نے ویکسین کی تیاری کے لیے عالمی فنڈ میں 8 ارب 10 کروڑ ڈالر کےعطیات دینے کا وعدہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کے تحت ہونے والی ویڈیو کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں نے کورونا ویکسین تیار کرنے کے لیے 8.1 بلین ڈالر کے عطیات کا وعدہ کیا ہے۔
کانفرنس میں یورپی ممالک، جاپان اور کینیڈا کے رہنماؤں نے عالمی فنڈ میں سب سے زیادہ عطیات جمع کروانے کا وعدہ کیا ہے۔ کانفرنس میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ میلنڈا گیٹس نے بھی شرکت کی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کانفرنس کے جواب میں جاری بیان میں کہا کہ کورونا سے نمٹنے میں امریکہ نے اہم کردار ادا کیا ہے اور ویکسین کی تیاری کے لیے ایک بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کر چکا ہے۔ 
سب سے زیادہ ہلاکتیں یورپی ممالک میں ہوئی ہیں جہاں ایک لاکھ 45  ہزار افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں 68 ہزار 700 کے قریب شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
امریکہ اور یورپ میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا شروع کر دی ہے۔ 
اے ایف پی نے امریکی سرکاری اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک میں مئی کے آخر میں اموات کی تعداد دو گنا ہونے کا خدشہ ہے۔

 یورپ میں دو ماہ کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد نرمی کی جارہی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

بیماریوں پر قابو پانے والے مریکی اداراے کی سٹڈی کے مطابق یکم جون تک امریکہ میں متاثرین کی یومیہ تعداد تین ہزار جبکہ ہلاکتیں دو لاکھ تک پہنچ جائیں گی۔ فی الحال امریکہ میں ایک دن میں ایک ہزار سے دو ہزار اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔
سٹڈی کے مطابق مئی کے وسط سے ان امریکی علاقوں میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا جہاں سماجی فاصلہ رکھنے کی سخت پابندی نہیں کی گئی یا جہاں لاک ڈاؤن میں جلد نرمی لائی جا رہی ہے۔   
جبکہ یورپی رہنماؤں کے خیال میں ان کے ممالک میں ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ٹل گیا ہے۔ دو ماہ کے مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث یورپی ممالک میں ہلاکتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اٹلی میں ریستورانٹ جزوی طور پر کھول دیے گئے ہیں جبکہ جرمنی میں کچھ دکانوں کے باہر گاہکوں کی قطاریں نظر آنا شروع ہوگئی ہیں۔
دنیا بھر کے زیادہ تر ممالک میں جاری سخت لاک ڈاؤن کے بعد نرمی برتی جارہی ہے، انڈیا سے نائجیریا تک اکثر ممالک نے احتیاط برتتے ہوئے کاروباری مراکز کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ 
دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 36 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔  روس میں متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ روزانہ دس ہزار شہری کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

شیئر: