وہ انڈیا کی ریاست میں کورونا وائرس کے پہلے مریض تھے جن کا پلازما تھراپی کے ذریعے علاج کیا جارہا تھا۔
انڈیا کے ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق لکھنو کی ہسپتال انتظامیہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ علاج شروع ہونے کے بعد ان کی طبیعت تیزی سے بہتر ہو رہی تھی اور سنیچر کو ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 'ایک 58 سالہ ڈاکٹر کو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے کورونا وائرس وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔ تھراپی کے بعد ان کے پھیپھڑوں کی حالت بہت بہتر ہوگئی تھی۔‘
ان کے مطابق 'بدقسمتی سے، ان کی پیشاب کی نالی میں انفیکشن ہوگیا جس کے بعد ان کا ڈائیلیسز کرنا پڑا۔ ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ منفی آیا اور ان کی اہلیہ کے ٹیسٹ بھی منفی آئے۔
کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر ایم ایل بی بھٹ نے بتایا کہ ڈاکٹر گذشتہ 14 دن سے وینٹی لیٹر پر تھے۔
انہیں شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کی شکایت تھی اور وہ آئیسولیشن وارڈ میں ڈاکٹرز کی زیرنگرانی تھے۔
نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق 'شام 5 بجے کے قریب انہیں دل کا دورہ پڑا اور تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جاسکا۔'
پلازما تھراپی کووڈ 19 کے مریضوں کے لیے ایک تجرباتی علاج ہے،اس عمل میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریض کے پلازما کو اس وائرس میں مبتلا مریض میں منتقل کیا جاتا ہے۔
صحت یاب مریض کے خون میں شامل اینٹی باڈیز بیمار مریض کے جسم میں اس وائرس سے لڑنے کی قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں۔