Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: لاک ڈاؤن میں دو ہفتوں کی توسیع

انڈیا میں کورونا وائرس سے اب تک ایک ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے 24 مارچ سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گو کہ جمعے کو حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی ہے تاہم اس میں کچھ نرمی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کورونا کی وجہ سے انڈیا میں جاری لاک ڈاؤن کو دنیا کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن کہا جا رہا ہے اور اس دوران انڈیا کی ایک ارب 30 کروڑ سے زائد آبادی گھروں میں قید ہے۔
انڈیا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے خلاف نمایاں کامیابیوں کے تناظر میں ان علاقوں میں جہاں کورونا کے کیسز بالکل نہیں یا چند ایک ہیں وہاں لاک  ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔
انڈین ٹیلی ویژن چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق 4 مئی کو ختم ہونے والے لاک ڈاؤن میں دو ہفتوں کی توسیع کی گئی ہے۔
تاہم وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس دوران ملک کے مختلف اضلاع میں ان کی 'ریسک پرفائلنگ' کے مطابق مختلف سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔ اضلاع کو کورونا کے خطرے کی مناسبت سے ریڈ، گرین اور اورنج زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق گرین اور اورنج زون میں شامل اضلاع میں لاک ڈاؤن میں خاصی نرمی کی جائے گی۔ تاہم کچھ سرگرمیوں پر پورے ملک میں پابندی برقرار رہے گی۔
وزارت داخلہ کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر میں ریل، ہوائی جہاز، میٹرو ٹرین اور بین الریاستی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔

انڈیا میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کے ساتھ ساتھ نرمی بھی کی گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

خیال رہے جمعے کو انڈیا میں کورونا سے ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں کورونا سے 77 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے ساتھ ملک میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد ایک ہزار 152 ہوگئی ہے۔
انڈیا میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد  35 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے نو ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

شیئر: