شفقت محمود کے مطابق پروموٹ ہونے والے طلبا اگلے سال کمبائنڈ امتحان نہیں دیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ نویں سے دسویں اور گیارہویں سے بارہویں میں پروموٹ ہونے والے طلبہ کمبائنڈ پیپرز نہیں دیں گے بلکہ اگلے سال صرف دسویں اور بارہویں کے امتحان دیں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ آج تمام صوبائی وزرائے تعلیم پر مشتمل اجلاس میں کچھ فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال چالیس لاکھ طلبہ و طالبات نے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات دینے تھے۔
’بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا فارمولا بنایا گیا ہے کہ ان کا سال ضائع نہ ہو۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج ہونے والے فیصلے کے مطابق نویں اور گیارہویں کا امتحان نہیں لیا جائے گا جن طلبہ کے پاس نویں اور گیارہویں کا نتیجہ ہے ان کو دسویں اور بارہویں میں پروموٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ دسویں اور بارہویں میں پروموٹ طلبا و طالبات صرف دسویں اور بارہویں کا امتحان دیں گے۔
ریکارڈ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دسویں کا نتیجہ نویں کے مقابلے میں بہتر ہوتا ہے۔
’چار کیٹگریز کے طلبہ سے ستمبر، نومبر کے درمیان امتحان لیے جا سکتے ہیں‘
کیٹگریز کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا پہلی کیٹیگری ان طلبہ پر مشتمل ہو گی جو گیارہویں کے نمبرز سے مطمئن نہیں اور بارہویں میں نمبرز میں بہتری لانا چاہتے تھے۔ دوسری کیٹگری میں وہ طلبا و طالبات ہیں جو اس سال اکٹھے امتحان دینے جا رہے تھے۔
تیسری کیٹگری ان طلبہ کی تھی جو کچھ مضامین میں نمبرز کی بہتری کے لیے امتحان دینا چاہتے تھے جبکہ چوتھی کیٹگری ان طلبہ پرمشتمل ہے جو چالیس فیصد سے زیادہ مضامین میں فیل ہوئے ان کو صرف پاسنگ مارکس دیے جایئں گے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ گیارہوین کے رزلٹ سے مطمئن نہ ہونے والے طلبہ ستمبر، نومبر میں سپیشل امتحان دے سکیں گے۔ اسی طرح جو کمپوزٹ امتحان دے رہے تھے اور ان کا گیارہویں کا نتیجہ نہیں تھا وہ بھی ستمبر اور نومبر میں امتحان دے سکتے ہیں۔
’جو طلبہ صرف چند مضامین میں ہی پاس ہو سکے وہ بھی ستمبر اور نومبر میں امتحان دے پائیں گے، اسی طرح جو چالیس فیصد سے زیادہ میں فیل ہوئے وہ بھی ان دنوں میں امتحان سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اگر وہ سپیشل امتحان دینا چاہتے ہیں تو یکم جولائی تک اپنے اپنے بورڈز کو مطلع کر دیں۔
انہوں نے بتایا کہ نویں اور گیارہویں کے موجودہ طلبہ اس سال امتحان نہیں دیں گے، جنہوں نے نویں اور گیارہویں کا امتحان دیا ان کو پروموٹ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح دسویں اور بارہویں میں پروموٹ کیے جانے والوں کو تین فیصد اضافی نمبر دیے جائیں گے۔
خیال رہے کورونا وبا کی وجہ سے قومی رابطہ کمیٹی نے تمام تعلیمی اداروں کو پندرہ جولائی تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں