آسٹریلوی کمپنی کی سچن تندولکر سے معافی
سچن تندولکر2013 میں کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کی سپورٹس کمپنی نے اپنی مصنوعات کی پروموشن کے لیے انڈین کرکٹ لیجنڈ سچن تندولکر سے ان کا نام اور تصاویر استعمال کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی سپارٹن سپورٹس انٹرنیشل اور سچن تندولکر کے درمیان 2016 میں معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت کرکٹ سٹار نے کمپنی کی مصنوعات کی تشہیر کرنا تھی لیکن ستمبر 2018 میں تندولکر نے یہ معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔
معاہدہ منسوخ ہونے کے باوجود سپورٹس کمپنی اپنی مصنوعات کے فروغ کے لیے تندولکر کا نام اور ان کی تصاویر استعمال کرتی رہی، جس پر کرکٹ سٹار نے سڈنی کی عدالت میں لاکھوں ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کمپنی پر مقدمہ دائر کر دیا تھا۔
سپارٹن سپورٹس کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں تندولکر سے معاہدے کی خلاف ورزی پر معافی مانگی گئی ہے۔ تاہم بیان میں ہرجانے کی ادائیگی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
کمپنی کے ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 'کمپنی معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر سچن تندولکر سے معافی مانگتی ہے اور تندولکر کا تمام معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کرنے کے لیے شکر گزار ہے۔'
47 سالہ سچن تندولکر 2013 میں کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے ٹیسٹ میچز اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 34 ہزار سے زیادہ رنز بنائے۔ سچن ٹنڈولکر کو ایک سو سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ سچن تندولکر کسی بھی پراڈکٹ کی پروموشن کرنے پر بھاری معاوضہ وصول کرتے ہیں۔