گوداموں اوردکانوں پرانتباہی نوٹسز بھی چسپاں کیے گئے.(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے ریاض ریجن میں مختلف وزراتوں پر مشتمل تفتیشی کمیٹی نے قانونی خلاف ورزیوں پر 12 چالان کیے ہیں. متعدد گوداموں اوردکانوں کو مختلف نوعیت کے انتباہی نوٹسز بھی چسپاں کیے گئے.
ویب نیوز سبق کے مطابق ریاض میں تفتیشی کمیٹی جس میں وزارت افرادی قوت ، بلدیہ ، وزرات تجارت ، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ، شہری دفاع اور دیگر اداروں پر مشتمل ہے ریجن میں قائم گوداموں کا سروے کیا .
اس دوران اقامہ اور قانون محنت کی خلاف ورزیوں کے مرتکب گوداموں کے خلاف 12 چالان کیے جبکہ متعدد گوداموں کو سیل بھی کردیا گیا.
ریجنل لیبر آفس کے ڈائریکٹر عبدالکریم عسیری کا کہنا ہے کہ تفتیش معمول کی کارروائی کا حصہ ہے تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ گوداموں اور دکانوں میں مقررہ قوانین پر عمل جاری ہے یانہیں.
عسیری کا مزید کہنا تھا کہ کمیٹی متعددسرکاری اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل ہے جس میں فوڈ اینڈ ڈرگ کے علاوہ ادارہ صحت کے اہلکار شامل ہیں جو موجودہ کورونا وائرس کے حوالے سے کی جانے والی احتیاطی تدابیرپر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے.
ریجنل ڈائریکٹر کے مطابق مشترکہ کمیٹی تمام علاقوں میں تفتیشی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے .اس دوران اقامہ اور محنت کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جاتی ہے.
دوسری جانب سعودی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ وزارت بلدیات کی جانب سے گزشتہ 2 ماہ کے اندر مملکت کے مختلف شہروں اور قصبوں میں تفتیشی ٹیموں نے 67 ہزار 815 مختلف نوعیت کی تجارتی خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں.
ان میں دکانوں میں کی جانے والی احتیاطی تدابیر کےعلاوہ امورصحت سے متعلق خلاف ورزیاں شامل تھیں.