’برانڈ کا نام تجویز کریں اور مفت عبایا پائیں‘
رابی پیرزادہ کے بقول وہ ضرورت مند خواتین کی مدد کے لیے ایک نیا برانڈ لانچ کرنے جا رہی ہیں۔ فوٹو: انسٹاگرام
کورونا وائرس نے لوگوں کی زندگیوں کو جہاں بری طرح متاثر کیا ہے وہیں کچھ نئی چیزیں بھی روٹین کا حصہ بنتی دیکھائی دے رہی ہیں، جیسے دوست احباب سے ملنے کے بجائے آن لائن ایپلیکیشنز کے ذریعے بات چیت کرنا اور ہر چیز کو اپنے سوشل اکاؤنٹ پر شئیر کرنا تاکہ لوگ آپ کا دوسروں کے ساتھ رابطہ برقرار رہے۔
انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی بات کریں تو کوئی اداکار یوٹیوب چینل بنا کر مداحوں کو تفریح کے مواقع فراہم کر رہا ہے تو کوئی گھر پر کچن میں بیگم کا ہاتھ بٹانے میں مصروف ہے۔
جبکہ دوسری جانب جہاں اداکارہ رابی پیرزادہ شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کے بعد پینٹنگ اور کیلی گرافی کرتی نظر آرہی ہیں وہیں اب وہ بہت جلد عبایا کا برانڈ بھی لانچ کرنے جا رہی ہیں۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر رابی پیرزادہ نے ایک کہانی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ چند روز قبل 5 خواتین مدد مانگنے کے لیے ان کے دروازے پر آئیں، 'کہنے لگیں کہ آپ شوبز انڈسٹری میں کام نہ کرنے باوجود بھی میں ہماری مدد کرتی ہیں۔'
ان خواتین کا کہنا تھا کہ وہ سلائی کا کام کرنا جانتی ہیں اور اپنے اس ہنر کو بروئے کار لاتے ہوئے روزی کمانا چاہتی ہیں، ساتھ ہی ان خواتین نے گھر کی صفائی اور کھانا بنانے کی بھی پیشکش کی۔
خواتین کی باتیں سُن کر رابی پیرزادہ کو خیال آیا کہ کیوں نہ خواتین کے ہنر کو استعمال کرتے ہوئے عبایا (برقعہ) اور حجاب تیار کر کے فروخت کرنے کے نئے کام کا آغاز کیا جائے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس اقدام کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کاوش کو بھی سراہا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف پیرزادہ محمد کا کہنا تھا کہ ’اچھی تبدیلی ہے آپ کو یہ تبدیلی مبارک ہو۔‘
ٹوئٹر صارف مبینہ خان نے لکھا کہ 'یہ عبایا نہیں ہے، یہ دیکھنے میں بہت تنگ لگ رہے ہیں آپ کو چاہیے کہ عربی طرز کے برقعے بنائیں۔'
مخرم نامی ایک صارف نے لکھا کہ یہ کیسا عبایا ہے جس کا مقصد جسم کو ڈھانپنا ہے لیکن اس کے کٹس اتنے واضع کیسے ہیں؟
رابی بیرزادہ نے مداحوں سے برانڈ کا نام تجویز کرنے میں مدد کرنے کا کہا تو جواب میں کمنٹس کی لائن لگ گئی۔
اداکارہ نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر لکھا کہ اپنے برانڈ کے لیے جس کا تجویر کردہ نام انہیں پسند آئے گا اسے وہ مفت عبایا دیں گی۔
اداکارہ اکثر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خطاطی، پینٹنگ اور نعت خوانی کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شئیر کرتی رہتی ہیں۔