’مجھے ڈائناسور کُھلا پھرتا ہوا دکھائی دیا، یہ تو وراٹ کوہلی ہے'
کوہلی اور انوشکا لاک ڈاؤن میں اکثر اپنی ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
لاک ڈاؤن کے دوران فراغت کے لمحات کا اگر کوئی بہترین استعمال کر رہا ہے تو وہ ہے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی پسندیدہ جوڑی۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ معروف فلم سٹار انوشکا شرما ان دنوں سوشل میڈیا پر بہت سرگرم ہیں، اور طرح طرح کی ویڈیوز پوسٹ کر کے اپنے مداحوں کو بھی خوب محظوظ کرتے ہیں۔
حال ہی میں انوشکا شرما نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی اور ساتھ میں لکھا کہ مجھے ڈائناسور کُھلا پھرتا ہوا دکھائی دیا۔
ویڈیو کی کیپشن نے انوشکا شرما کے فالوورز میں تجسس پیدا کر دیا کہ لاک ڈاؤن میں سب کچھ تو بند ہے، ایسے میں انوشکا کہاں گھوم رہی ہیں۔
انوشکا نے ویڈیو بھی کافی پرتجسس انداز میں بنائی ہے، پلے ہوتے ہی کچھ سیکنڈز کے لیے تو خالی کمرے کے علاوہ کچھ اور دکھائی ہی نہیں دیتا۔ پھر ایک ڈائناسور نما سایہ چلتا ہوا نظر آتا ہے، جس سے کنفیوژن مزید بڑھتی ہے کہ کہیں انوشکا جراسک پارک تو نہیں لگا کر بیٹھیں۔
ابھی کشمکش ختم نہیں ہوتی کہ ڈائناسور کا سایہ حقیقت اختیار کر لیتا ہے اور وراٹ کوہلی اس قدیم مخلوق کا روپ دھارے انتہائی سنجیدگی سے کیمرے میں دیکھتے ہیں اور ڈائناسور کی آواز نکالتے ہوئے آگے چل پڑتے ہیں۔
انوشکا کے صرف انسٹا گرام پر ہی تین کروڑ فالوورز ہیں جن کے تبصروں سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ انوشکا کی پوسٹس میں کافی دلچسپی لیتے ہیں۔
چند دن قبل بھی انوشکا شرما اور وراٹ کوہلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں دونوں اپنے گھر کے ٹیرس پر کرکٹ کھیل رہے تھے۔
وراٹ کوہلی کے ایک مداح نے ایک منٹ 14 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا تھا جس میں انوشکا شرما بیٹنگ کر رہی تھیں جبکہ وراٹ کوہلی انہیں بولنگ کرا رہے تھے۔
لاک ڈاؤن کے دوران دونوں کی بنائی گئی دلچسپ ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر بے حد مقبولیت حاصل کی ہے، کبھی انوشکا وراٹ کوہلی کی ہیر سٹائلسٹ بن جاتی ہیں تو کبھی وہ کوہلی کو طنزاً چوکا مارنے کو کہتی ہیں۔