خون کے خلیوں میں وائرس پہنچتے ہی اس کاپتہ لگایا جاسکتا ہے.(فوٹو سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات میں لیزر کے ذریعے کورونا کے مریض کا پتہ لگانے کے لیے سریع رفتار ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے.
متحدہ عرب امارات کی معروف لیباریٹری ’کوانٹ لیز‘ نے لیزر کے ذریعے کورونا وائرس کا لمحوں میں پتہ لگا لینے والی ٹیکنالوجی حاصل کی ہے. یہ لیباریٹری (آئی ایچ سی) کمپنی کے ماتحت میڈیکل ریسرچ کا ونگ ہے.
الامارات الیوم کے مطابق ان دنوں دنیا بھر کے سائنسدان کورونا وائرس کے مشکوک کیسز کی تصدیق کے لیے سریع رفتار ٹیکنالوجی تک رسائی کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں.
نئی ٹیکنالوجی کی بدولت متحدہ عرب امارات کو پوری دنیا میں نمایاں پوزیشن مل جائے گی. امارات ٹیکنالوجی، جدت طرازی اور ریسرچ کے حوالے سے انٹرنیشنل سینٹر کی حیثیت حاصل کیے ہوئے ہے.
ماہرین کا کہناہے کہ نئی ٹیکنالوجی کی بدولت خون کے خلیوں میں کورونا وائرس پہنچتے ہی اس کاپتہ لگایا جاسکتا ہے.
نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے پورے ملک میں کورونا ٹیسٹ بڑے پیمانے پر تیزی کے ساتھ کیا جاسکے گا. کورونا سے متاثرین پر نظر رکھی جاسکے گی اور ورکرز میں وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے گا.
اماراتی وزیر صحت عبدالرحمن العویس نے کا کہنا ہے کہ ’ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کوانٹ لیز کی ٹیکنالوجی موثر ثابت ہوگی. دنیا بھر کے لیے اپنے دروازے کھولے ہوئے ہیں سب لوگ اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں‘.
انہوں نےمزید کہا کہ ’ نئی ٹیکنالوجی کے موثر ہونے کی آزمائش کے بعد بہترین نتائج کی توقعات ہیں. یہ موثر اور نئی ٹیکنالوجی ہے- اس کی بدولت ہمارا معاشرہ زیادہ محفوظ ہوجائے گا‘.