کورونا سے حفاظت کےلیے سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے(فوٹو، سبق نیوز )
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں یومیہ 17 ہزار 558 ’کورونا ‘ ٹیسٹ کیے جاتے ہیں. اب تک 6 لاکھ 84 ہزار 615 لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں.
ریاض میں کورونا وائرس کے حوالے سے یومیہ پریس کانفرنس میں سبق نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب میں کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وزارت صحت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ اس وبائی مرض پر جلد ازجلد قابو پایاجائے‘.
’اب تک 6 لاکھ سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں . ہماری کوشش ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تصدیق ابتدائی اسٹیج میں ہی کرکے انہیں مقررہ اصولوں کے مطابق کورنٹائن یا آئیسولیشن میں رکھا جائے . اس ٹیکنیک پر عمل کرنے کے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں جن کی وجہ سے کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد آپ کے سامنے ہے.
ترجمان صحت کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ بھی حقیقت ہے کہ ابھی تک کورونا وائرس کی کوئی حتمی ویکسین یا علاج دریافت نہیں ہوا ہے اس لیے ہمیں ان ہی اصولوں پر عمل کرنا ہے جو احتیاطی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیے گئے ہیں تاکہ اس مرض کے پھیلاو کو حتی الامکان روکا جاسکے‘
ڈاکٹر العبدالعالی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں حد سے زیادہ خوفزدہ یا پریشان ہونے کی ضرورت تاہم اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ معاملات کو مکمل طور پر چھوڑ دیا جائے اور کوئی فکر نہیں کی جائے بلکہ مقررہ ضوابط اور اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جاری ہدایات کے مطابق شب وروز گزاریں اور سماجی فاصلے کے دوری کے اصول کو کسی حالت میں بھی فراموش نہیں کیاجائے۔