Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا سے مزید 176 پاکستانیوں کی واپسی

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن انڈین حکام کے ساتھ رابطہ میں تھا.(فوٹو سوشل میڈیا)
انڈیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہاں پھنسے پاکستانیوں میں سے مزید 176 شہری واہگہ بارڈرکے راستے واپس پہنچ گئے ہیں۔ 
بدھ کو کورونا وائرس کی وجہ سے بند کیے گئے واہگہ بارڈر کو خصوصی طورپرکھولا گیا تھا۔ 
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ پاکستانی انڈیا کی 20 مختلف ریاستوں میں گذشتہ دوماہ سے مقیم تھے۔ کورونا لاک ڈاون کے بعد انڈیا سے آنے والے پاکستانی شہریوں کی تعداد 400 ہو چکی ہے۔ 
انڈیا سے لوٹنے والے ایک پاکستانی شہری ظفر علی نے بتایا کہ ان کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ 19 فروری کو انڈیا کو گئے تھے۔ مارچ میں ان کے ویزہ کی معیاد پوری ہو چکی تھئ تاہم انڈیا میں لگنے والے لاک ڈاؤن سے وہ بروقت نہیں آ سکے۔ 
واپس آنے والوں میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ہندوخاندان کے سربراہ مہیش کماربھی شامل ہیں۔ 
انڈیا سے واپس ۤآنیوالے پاکستانیوں میں مسلمان، سکھ اورہندو برادری سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ 

واپس ۤآنیوالے پاکستانیوں میں مسلمان، سکھ اور ہندو شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی 

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے مابین واہگہ بارڈربند ہے۔ سماجی فاصلے کو مدنظررکھتے ہوئے امیگریشن اورکسٹم کلیئرنس کی گئی۔ 
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق انڈیا سے واپس آنیوالے پاکستانی شہریوں کی سکریننگ کے لیے انہیں قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ پاکستانی شہر چھتیس گڑھ، گجرات، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، پنجاب، راجستھان، اترپردیش، اتراکھنڈ اور دہلی سمیت انڈیا کی مختلف ریاستوں میں لاک ڈاﺅن میں توسیع اور کورونا وائرس کی وجہ سے اٹاری واہگہ بارڈر بند ہونے کے باعث پھنسے ہوئے تھے۔
پاکستانیوں کو محفوظ اور باآسانی وطن واپس لانے کے لیے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن انڈین حکام کے ساتھ رابطہ میں تھا۔ 
دفتر خارجہ کے مطابق 20 مارچ سے اب تک اٹاری واہگہ بارڈر کے ذریعے انڈیا سے 400 سے زائد پھنسے ہوئے پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی تمام پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی تک وزارت خارجہ کی کوششیں جاری رہیں گی۔

شیئر: