Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معروف انڈین موسیقار واجد خان انتقال کرگئے

واجد خان 42 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ فوٹو: سوشل میڈٰیا
شائقین موسیقی کو کئی یادگار گانے دینے والی بالی ووڈ کی معروف موسیقار جوڑی ساجد واجد کے واجد خان انتقال کر گئے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق واجد خان کا انتقال پیر کو ممبئی کے ایک ہسپتال میں ہوا، جہاں وہ گردے میں خرابی کے باعث زیر علاج تھے۔
واجد خان نے اپنے بھائی ساجد خان کے ساتھ مل کر بالی وڈ کی فلموں کے بہت سے گانے گائے ہیں۔ ان فلموں میں 'دبنگ'، 'وانٹڈ'، 'جے ہو'، وغیرہ شامل ہیں۔
واجد خان کے انتقال پر پاکستان اور انڈیا کے سوشل میڈیا صارفین سمیت بالی وڈ انڈسٹری کے ستاروں نے گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ 'ایک روشن مسکراتا چہرا چل بسا ہے۔'

ابھی شیک بچن نے ان کے خاندان کے ساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں دونوں بھائیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔
Rest in harmony my friend. Had the pleasure of working with both Sajid-Wajid most loving and brilliant. My condolences to his family and especially Sajid. #RIPWajidKhan
— Abhishek Bachchan (@juniorbachchan) June 1, 2020
پرینکا چوپڑا لکھتی ہیں کہ 'یہ بہت بری خبر ہے۔ ایک چیز جو میں ہمیشہ یاد رکھوں گی وہ ہے واجد بھائی کہ ہنسی۔ بہت جلدی چلے گئے۔۔۔'
Terrible news. The one thing I will always remember is Wajid bhai's laugh. Always smiling. Gone too soon. My condolences to his family and everyone grieving. Rest in peace my friend. You are in my thoughts and prayers.@wajidkhan7
— PRIYANKA (@priyankachopra) May 31, 2020
کرن جوہر نے واجد خان کو یاد کیا تو اپنے پیغام میں لکھا کہ ان کی موسیقی ہمیشہ زندہ رہے گی۔
کترینہ کیف بھی واجد خان کی مسکراہٹ کو ہمیشہ یاد رکھنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کرنے والوں میں شامل رہیں۔ 

پاکستان میں بھی شوبز سے وابستہ شخصیات نے واجد خان کے انتقال پر ان سے متعلق یادیں تازہ کرتے ہوئے تعزیتی پیغامات جاری کیے۔ راحت فتح علی خان نے لکھا ’آج میں نے اپنا بھائی کھو دیا۔ واجد بھائی میرے لیے دوست اور کمپوزر سے زیادہ حیثیت رکھتے تھے۔ اللہ انہیں جنت عطا کریں۔ آمین‘۔ ایک الگ ویڈیو پیغام میں بھی راحت فتح علی خان نے واجد خان کا خصوصی ذکر کیا۔

پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے موسیقار کے انتقال کو اپنے لیے 2020 کا سب سے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ’میں نے اپنا بھائی اور بہت ہی پیارا دوست کھو دیا۔‘ انہوں نے اپنے پیغام میں انڈیا میں قیام کے دوران ساجد خان اور واجد خان کی میزبانی کا ذکر بھی کیا۔

سلمان خان کی فلم دبنگ سے شہرت کو اپنی سواری بنانے والی ساجد واجد کی جوڑی نے اپنی کارکردگی سے ثابت کیا کہ وہ پیچھے مڑ کر دیکھنے کے لیے اس شعبے میں نہیں آئے تھے۔ ’تیرے مست مست دو نین‘، ’دبنگ‘، ’سوہنی دے نخرے‘ اور ’ڈو یو وانا پاٹنر‘ سمیت متعدد مقبول عام گانوں کے موسیقار رہنے والے ساجد و واجد انڈیا سے باہر بھی فلمی صنعت کا جانا پہچانا نام مانے جاتے ہیں۔

شیئر: