انتطامیہ چار دروازے خواتین کے لیے مخصوص کیے ہوئے ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کے گیارہ دروازے نمازیوں کے لیے بدھ 3 جون کو فجر سےقبل کھول دیے گئے۔
اسی کے ساتھ نمازیوں کو نئے کورونا وائرس لگنے سے بچانے کے لیے صحت حکام کی جانب سے مقرر حفاظتی تدابیر اور سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ مسجد نبوی نمازیوں کے لیے رفتہ رفتہ کھولی جارہی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی کی انتطٓامیہ نے کہا ہے کہ زائرین حفاظتی انتظامات کی پابندی کررہے ہیں۔ اس کی بدولت نمازیوں کی صحت و سلامتی کے معاملات عمدہ شکل میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
مسجد نبوی نئے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ان دنوں روزانہ عشا کی نماز کے بعد بند کردی جاتی ہے اور فجر سے ایک گھنٹے قبل کھول دی جاتی ہے۔
فرض نمازیں جماعت سے صرف صحنوں اور نئے توسیعی حصوں میں ادا کی جارہی ہیں۔
مسجد نبوی کا پرانا حصہ ابھی بند ہے۔ تحفیظ قرآن کی کلاسیں اور علمی لیکچرز بھی معطل ہیں۔
انتطامیہ 7 دروازے مردوں اور چار دروازے خواتین کے لیے مخصوص کیے ہوئے ہے۔
تمام دروازوں پر تھرمل کیمرے نصب ہیں۔ نمازی گنجائش سے چالیس فیصد کی حد تک ہی گروپوں کی صورت میں اندر بھیجے جارہے ہیں۔ مسجد کے تمام قالین اٹھا دیے گئے ہیں۔
نمازیں فرش پر ادا کی جارہی ہیں۔ مسجد نبوی میں بچوں کا داخلہ منع ہے۔ مسجد اور صحنوں میں افطار دسترخوان لگانے کی ممانعت ہے۔ آب زم زم کے کولرز بھی ہٹا دیے گئے ہیں۔
پارکنگ 50 فیصد تک ہی کھولی گئی ہے۔ گاڑیاں پارک کرنے والے سمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے پارکنگ فیس ادا کررہے ہیں۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے نمازیوں پر پابندی لگا رکھی ہے کہ وہ مسجد آتے وقت حفاظتی ماسک پہن کر آئیں۔ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ جماعت کے دوران مقررہ فاصلے کا احترام کریں۔
انتظامیہ متعدد زبانوں میں سوشل میڈیا پر آگہی پروگرام بھی جاری کررہی ہے۔