جمعہ نماز کے لیے مسجد نبوی میں خصوصی انتظامات کیے گئے(فوٹو، سوشل میڈیا)
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے جمعرات 19مارچ 2020ءکو مغرب بعد سے مسجد نبوی شریف کی پارکنگ عارضی طور پر تاحکم ثانی بند کردی ہے ۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ کے ترجمان جمعان بن عبداللہ العسیری نے بتایا کہ پابندی نئے کورونا وائرس سے زائرین کو بچانے کے لیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت لگائی گئی ہے۔ عمل درآمد جمعرات کو مغرب بعد سے شروع کردیا گیا۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے جمعہ کی نماز کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ اس کے تحت مسجد نبوی کے اطراف جراثیم کش ادویات کا اسپرے کرایا جارہا ہے۔
صفائی کا غیر معمولی بندوبست کیا گیا ہے جبکہ آب زمزم کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ زائرین کے لیے آگہی کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔ جمعہ کو مسجد نبوی میں زائرین کی کثیر تعداد کے پہنچنے کے قوی امکانات ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کے علاوہ سعودی عرب کی تمام مساجد میں جمعہ اور فرض نمازیں جماعت کے ساتھ پڑھنے پر پابندی لگادی ہے۔ یہ پابندی نئے کورونا وائرس سے بچاﺅ اور اس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے صحت حکام کی سفارش پر لگائی گئی ہے۔