Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فوج کی توہین کا الزام، ایکتا کپور کے خلاف مقدمے کی درخواست

ایکتا کپور مشہور بالی وڈ اداکار جیتندر کی صاحبزادی ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
انڈیا کے مشہور یوٹیوبر 'ہندوستانی بھاؤ' عرف عرفان فاتک نے اداکارہ ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھا کپور کے خلاف پولیس کو درخواست دی ہے کہ دونوں نے اپنے ویب ٹی وی کے شو میں فوج کی توہین کی ہے، مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
انڈیا میں شوبز کی مشہور ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ ڈاٹ کام کے مطابق ویب شو میں ایک انڈین فوجی کی بیوی کو ایک شخص کے ساتھ آفیئر چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس میں وہ اپنے شوہر کی یونیفارم محبوب کو پہناتی ہے اور بعد ازاں اس کو پھاڑ دیتی ہے۔
ہندوستانی بھاؤ جن کو بگ باس سیریز 13 سے شہرت ملی تھی، نے کھر پولیس سٹیشن میں دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ شو تیار کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ہندوستانی بھاؤ نے کہا ہے کہ پولیس کے پاس شکایت درج کرانے کے بعد ان کو متعدد فون کالز اور پیغامات میں معاملے کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی پیش کش کی جا رہی ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ کئی اہم شخصیات نے بھی ان سے معاملے کو حل کرنے کے لیے رابطہ کیا مگر انہوں نے ایکتا اور شوبھا کپور سے بات کرنے سے انکار کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ دونوں اداکارائیں انڈین فوج کے سپاہیوں کی توہین کرنے پر معافی مانگیں۔
واضح رہے کہ ایکتا کپور بالی وڈ کے ماضی کے مشہور اداکار جیتندر کی صاحبزادی اور مشہور ٹیلی ویژن پروڈیوسر ہیں۔

شیئر: