کرینہ کا شاہد کپور سے بریک اپ، ’قسمت کو یہی منظور تھا‘
کرینہ کا شاہد کپور سے بریک اپ، ’قسمت کو یہی منظور تھا‘
جمعہ 21 فروری 2020 20:03
کرینہ نے کہا کہ ’جب وی مٹ‘ نے میرا کیریئر جبکہ ’ٹشن‘ نے زندگی بدل دی‘ (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی نٹ گھٹ اداکارہ کرینہ کپور نے اداکار شاہد کپور کے ساتھ تین سال سے زائد عرصے تک دوستی کے بعد بریک اپ کے حوالے سے پہلی مرتبہ کھل کر گفتکو کی ہے۔
کرینہ کپور کی سیف علی خان سے شادی سے پہلے شاہد کپور کے ساتھ دوستی چل رہی تھی اور دونوں ایک دوسرے کے خاصے قریب تھے۔ دونوں بالی وڈ فلم ’جب وی مٹ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر بھی ہوئے تھے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق مشہور فلمی نقاد اور صحافی انوپما چوپڑا کے ساتھ انٹرویو میں جب کرینہ سے شاہد کپور کے ساتھ ’بریک اپ‘ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا ’بس قسمت کو یہی منظور تھا۔‘
امتیاز علی کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم فلم ’جب وی مٹ‘ کی ریلیز کے بعد کرینہ کپور اور شاہد میں بریک اپ ہوا اور کرینہ کی سیف علی خان سے دوستی کی شروعات ہو گئی تھیں۔
بعد ازاں انہوں نے سیف علی خان سے شادی کر لی۔ خیال رہے کہ فلم ’جب وی مٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران کرینہ، سیف علی خان کے ساتھ فلم ’ٹشن‘ کی فلم بندی میں بھی مصروف تھیں۔
انوپما چوپڑا سے گفتگو میں 39 سالہ بالی وڈ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کا شاہد کے ساتھ ’بریک اپ‘ فلم ’جب وی مٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوا تھا۔
انٹرویو کے دوران کرینہ نے بتایا کہ کس طرح شاہد کپور نے ’جب وی مٹ‘ میں ’گیت‘ کے کردار کو نبھانے کے لیے ان کو سپورٹ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ’بالکل، اس کے بعد قسمت کو جو منظور تھا وہ ہوا اور زندگی نے الگ موڑ لیا۔‘
ان کے مطابق فلم ’ٹشن‘ کی تیاری کے دوران فلم اور ان کی زندگیوں میں بہت کچھ ہوا۔
کرینہ نے یہ بھی کہا کہ ’جب وی مٹ نے میرے کیریئر جبکہ فلم ’ٹشن‘ نے میری زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔‘
خیال رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور نے پانچ سال کی دوستی کے بعد شادی کی۔ ان کے ہاں 2016 میں بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی۔ شاہد کپور نے بعد میں ماریہ راجپوت سے شادی کی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔
کرینہ نے پہلے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سیف علی خان نے ان سے شادی کے لیے پہلی مرتبہ پروپوز ’ٹشن‘ کے سیٹ پر کیا تھا۔
’انہوں نے مجھے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہمیں شادی کر لینی چاہیے۔ انہوں نے ایک دفعہ یونان میں اور دوسری مرتبہ لداخ میں بھی پروپوز کیا اور کہا کہ ہماری بہت اچھی جوڑی بنے گی۔‘
کرینہ کے مطابق ’اس وقت میں نے کہا کہ مجھے نہیں پتا کیونکہ میں آپ کو اچھی طرح نہیں جانتی اور یہ بھی کہا کہ میں آپ کو بہتر طور پر سمجھنا چاہتی ہوں۔‘
کرینہ کپور کے بقول سیف علی خان سے شادی ان کی اپنی زندگی کا بہترین فیصلہ تھا۔