’پاکستانیوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کی نشاندہی کریں‘
’پاکستانیوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کی نشاندہی کریں‘
اتوار 7 جون 2020 18:58
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی بہت بڑی تعداد میں مقیم ہیں، سب سے زیادہ واپسی کے منتظر پاکستانی متحدہ عرب امارات میں ہیں، انہیں افسوس ہے کہ ان پاکستانیوں سے ہوائی ٹکٹس کی مد میں اضافی کرایہ وصول کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میری گزارش ہے کہ ان عناصر کی نشاندہی کریں جو ٹکٹس کی مد میں پاکستانیوں سے اوور چارج کر رہے ہیں۔'
اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس کا انعقاد کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران نے شرکت کی۔
متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر غلام دستگیر خان اور یو اے ای میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی سفیر غلام دستگیر خان نے وزیر خارجہ کو کورونا وائرس کے تناظر میں یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
پاکستانی سفیر نے بتایا کہ 'دبئی اور ابوظہبی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے، متحدہ عرب امارات کی طرف سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔'
اس موقعے پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 'مجھے احساس ہے کہ یو اے ای میں ہمارے 16 لاکھ شہری مقیم ہے، اتنی بڑی کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنا مشکل کام ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'جن لوگوں کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے، یو اے ای میں ہمارا سفارت خانہ ان کی معاونت ترجیحی بنیادوں پر کر رہا ہے۔ دبئی میں جس طرح پاکستانی سفارتخانے نے راشن تقسیم کیا اس پر لوگوں نے ہماری کاوشوں کو سراہا ہے۔'
شاہ محمود قریشی نے مزید بتایا کہ وہ کافی عرصے سے بند کمیونٹی سینٹر کو دوبارہ کھلوانے کے لیے جلد یو اے ای کے وزیر خارجہ سے بات کریں گے۔
انہوں نے کورونا وبا کے دوران متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر میں پاکستانی ڈاکٹروں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔