Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا کو پاکستان کی جوابی کارروائی بھی یاد رکھنا چاہیے‘

پاکستان نے انڈیا کو جوابی کارروائی یاد کروائی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے اندر فضائی اور سرجیکل حملوں کا حکم دیا تھا، جبکہ پاکستان نے ردعمل میں کہا ہے کہ انڈیا کو پاکستان کی جوابی کارروائی کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے۔
انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق امیت شاہ ایک ورچول سیاسی ریلی سے خطاب کر رہے تھے اور انہوں نے یہ بات اپنی تقریر کے دوران کہی۔
انہوں نے قومی سلامتی پر مودی حکومت کے ٹریک ریکارڈ کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان میں مبینہ سرجیکل سڑائیکس کا ذکر کیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امیت شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کو پاکستان کے جلد اور موثر جواب کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو انڈین فورسز کو گذشتہ برس فروری میں دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس فروری میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی کیمپ پر حملے کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ گئی تھی۔
انڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی فضائیہ نے پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں مبینہ شدت پسندوں کے کیمپوں پر حملہ کر کے درجنوں افراد کو ہلاک کر دیا تھا تاہم پاکستان نے اس کی تردید کی تھی۔
بعد ازاں پاکستانی اور انڈین فضائیہ کی چھڑپوں کے دوران پاکستانی فضائیہ نے انڈین فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
تاہم پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پائلٹ کو رہا کر دیا تھا۔

شیئر: