معاشرتی رویے سے نالاں نوجوان کا انتقال
منگل 9 جون 2020 13:09
شاہد عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
کورونا سے انتقال کرنے والے ارسلان واحد ایف ایس سی کے طالب علم تھے (فوٹو سوشل میڈیا)
خیبرپختونخوا کے ضلع دیر پائن کے ایک نوجوان کا کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال ہوا تو صارفین نے جہاں ان کی مغفرت کے لیے دعا کی، وہیں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو مشکل سمجھنے کے معاشرتی رویے سے متعلق ان کی سوشل میڈیا پوسٹ بھی شیئر کیں۔
لوئر دیر کے علاقے میدان سے تعلق رکھنے والے ارسلان واحد کے متعلق مقامی افراد نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ گزشتہ روز کورونا وبا کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔
ظفر علی نے نوجوان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل جواں سال ارسلان واحد ایک حادثے میں اپنی ٹانگ سے بھی محروم ہو گئے تھے۔ کورونا وبا کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متوفی کے والد اور چچا کو بھی شبہ ہے کہ وہ وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔
ظفر علی نے بتایا کہ ارسلان لوئر دیر کی تحصیل میدان کے علاقے بانڈگئی سے تعلق رکھتے تھے۔ اس وقت ان کے تقریبا سارے ہی گھر والے بیمار ہیں۔ جنازے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتظامی پابندی کی وجہ سے چند لوگ ہی اجتماع جنازہ میں شریک ہو سکے تھے۔
مقامی صحافی بلال یاسر نے ارسلان واحد کی پشتو میں لکھی پوسٹ اور تصویر شیئر کی تو ساتھ لکھا کہ ’اسے پڑھ کر بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہم کتنا پسماندہ ذہن رکھنے والے ہیں۔ آج ارسلان کورونا کے باعث دنیا سے رخصت ہو گیا۔ اللہ رحم فرمائیں۔‘

ارسلان واحد نے 20 مارچ کو کی گئی اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا تھا ’پختونوں (کے رویے) کی وجہ سے کوئی اپنا ناک اور منہ ماسک سے نہیں ڈھانپ سکتا۔ (کسی کو ایسا کرتے دیکھ کر) کہتے ہیں کہ اس کا ایمان کمزور ہے، موت سے ڈر رہا ہے۔‘

عطا خان نے اپنی ٹویٹ میں معاملے کا ذکر کیا تو بتایا کہ ان کے کزن ارسلان خان ایف ایس سی کے طالب علم تھے۔

ارسلان کے ایک اور عزیز ملک سلیم خان باچہ خیل نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے جنازے کے دوران احتیاط کا ذکر کیا تو ساتھ لکھا کہ تعزیتی سلسلے کو ختم کر دیا گیا ہے۔
ارسلان کے قریبی عزیزوں سمیت حلقہ احباب نے سوشل میڈیا پر نوجوان کے انتقال، وجہ انتقال اور بعد کی صورتحال کا ذکر کیا تو اسے دیکھنے اور سننے والے تعزیتی کلمات اور دعا کی صورت انہیں جواب دیتے رہے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق آٹھ جون تک صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد 14 ہزار چھ ہو چکی ہے۔ 587 افراد کا وبا سے انتقال ہوا جب کہ 35 سو 79 صحتیاب ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ارسلان کے علاقے لوئر دیر سمیت ایبٹ آباد، ہری پور اور مردان میں ایک ایک جب کہ پشاور میں چار، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں دو دو مریضوں کا کورونا سے انتقال ہوا ہے۔
دیر لوئر کے متعلق محکمہ صحت کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ ضلع میں اب تک کورونا کے 520 کیسز ہیں، گزشتہ روز میں 59 مریضوں کا اضافہ ہوا تھا جب کہ اموات کی تعداد 13 ہو چکی ہے۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں